لاہور (نیوزڈیسک) پاکستان تحریکِ انصاف کے مرکزی صدر چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ آج نیب نے جھوٹی خبر چلوائی، میں نے کرپشن کی اور نہ ہی کوئی پلی بارگین کی ہے، میرے خلاف 25 جعلی کیس بنے اگر 25 کیس مزید بنالیں تو بھی میں عمران خان کے ساتھ ہوں اور رہوں گا۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سینکڑوں سرکاری ملازمین کو اغواء کرکے مار پیٹ سے پلی بارگین کی گئی، انہوں نے جو پیسے دیئے ان کو خوامخواہ میرے ساتھ منسلک کیا جا رہا ہے، یہ سارا جھوٹ کا پلندا ہے نیب نے یہ جھوٹی خبر چلوائی، میں نے نہ کرپشن کی اور نہ ہی کوئی پلی بارگین کی ہے۔
علاوہ ازیں چوہدری پرویز الٰہی یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ اب ظلم کے بادل چھٹنے والے ہیں، عدلیہ پر پورا یقین ہے جلد ہی عمران خان دوبارہ عوام کے درمیان ہوں گے، ہر محب وطن پاکستانی کی طرح میں اور میری فیملی مضبوطی سے عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، بانی پی ٹی آئی عوام کے دلوں میں بستے ہیں، عوام خود ہی اپنے ہیرو کیلئے باہر نکلتی ہے، عمران خان اب صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ دنیائے اسلام کے لیڈر بن چکے ہیں کیوں کہ دنیا ان کی آواز سنتی ہے، اقوام متحدہ میں اصل خطاب تو عمران خان کا تھا جہاں عمران خان نے پہلے ہی بتا دیا تھا کہ مسلمانوں کے ساتھ دنیا میں اس طرح کا سلوک رکھا گیا تو ہمارے پاس اور کوئی چوائس نہیں، ساری پاکستانی قوم اور مسلم امہ ایک طرف کھڑے ہو جائیں گے۔
خیال رہے کہ آج کرپشن سکینڈل میں نیب لاہور کی ریکوری کے طور پر ڈپٹی چیئرمین نیب نے 3 کروڑ 68 لاکھ روپے کا چیک پنجاب حکومت کے حوالے کیا تھا، جس کے بارے میں ترجمان نیب لاہور نے کہا کہ یہ ریکوری سابق وزیرِاعلی پرویز الہٰی و دیگر کے خلاف ٹھیکوں میں کِک بیکس کیس میں ہوئی، 1 کروڑ 72 لاکھ روپے سابق چیف فنانشل آفیسر اکرام نوید سے پلی بارگین سے وصول کیے گئے۔
Comments