Social

مولانا فضل الرحمان اوربلاول بھٹو آج رائے ونڈ میں نوازشریف سے ملاقات کریں گے

اسلام آباد(نیوزڈیسک) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو آج آئینی ترمیم کے مسودے پر تبادلہ خیال کے لیے رائے ونڈ میں مسلم لیگ نون کے سربراہ اور سابق وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کریں گے قبل ازیں گزشتہ رات انہوں نے کراچی میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے ساتھ صحافیوں سے گفتگو میں کہا تھا کہ آئینی ترمیم کے مسودے پر جے یو آئی اور پیپلز پارٹی کے درمیان اتفاق ہو گیا ہے اور اب ہماری کوشش ہو گی کہ حکومتی جماعت سمیت دیگر جماعتیں بھی ہم سے متفق ہو جائیں گی.


مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ وہ مجوزہ آئینی ترمیم کے حوالے سے اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے راہنماﺅں سے بھی ملاقات کریں گے اور یہ ایک ایسا معاملہ ہے جس میں ملک کا مفاد ہے. انہوں نے کہا کہ ان کی کوشش ہو گی کہ اس بل پر ایسا اتفاق رائے پیدا کیا جائے جس سے یہ آئینی ترمیم متفقہ طور پر منظور ہو آئینی ترمیم پر اتفاق تک پہنچنے کے لیے بلاول بھٹو نے بڑا کردار ادا کیا ہے جس پر ان کے شکر گزار ہیں.
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ملک میں جب بھی کامیاب آئین سازی ہوئی ہے اس میں پاکستان پیپلز پارٹی اور جے یو آئی نے کردار ادا کیا ہے انہوں نے کہا کہ کل ہمیں رائیونڈ میں کھانے کی دعوت دی گئی ہے ہماری کوشش ہوگی آج جو اتفاق رائے ہوا ہے وہ کل مسلم لیگ نون، جے یو آئی اور پیپلز پارٹی تینوں جماعتوں کے درمیان ہو جائے. ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کی خواہش ہے کہ تمام جماعتوں کے درمیان آئینی ترمیم سے متعلق اتفاق رائے پیدا ہو اور اگر یہ ہوتا ہے تو یہ ہمارے ملک کے حق میں بہتر ہوگا، ہم سب کا آئینی ترمیم کا مقصد عوامی مسائل کا حل نکالنا ہے بلاول بھٹو نے کہا کہ انہیں امید ہے اسمبلی سے پاس ہونے والا آخری بل اتفاق رائے سے منظور ہوگا ان کا کہنا تھا کہ ہم نواز شریف سے مزید اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کریں گے.
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آئینی ترمیم سے متعلق انہوں نے پہلے مسودے کو مسترد کیا تھا اور وہ اب بھی اسے مسترد کرتے ہیں ان کا کہنا تھا کہ جو تجاویز جے یو آئی نے مرتب کی ہیں ان پر بات چیت ہوئی ہے پیپلز پارٹی نے بھی ہمارے تجویز سے ملتا جلتا مسودہ تیار کیا ہے اور آج اتفاق رائے سے اس فرق کو بھی کم کردیا گیا ہے. ان کا کہنا تھاکہ جو تجاویز انہوں نے پی ٹی آئی کے سامنے پیش کی تھیں، آج اتفاق رائے میں طے کی گئی تجاویز اس سے مختلف نہیں ہیں وہ پی ٹی آئی کے سامنے یہ چیزیں رکھیں گے اور انہیں امید ہے کہ آئینی ترمیم پر پورے ایوان کا اتفاق رائے ہوگا.


اس خبر پر اپنی راۓ کا اظہار کریں

RATE HERE


آپ کا نام


آپکا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا

آپکا ای میل ایڈریس


آپنا تبصرا لکھیں
Submit

Comments

اشتہار



مزید پڑھیں
tml> Tamashai News Tv