اسلام آباد(نیوزڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم شہبازشریف کی اہم ملاقات ہوئی جس میں آئینی ترامیم سمیت ملکی سیاسی صورتحال و دیگر امور پر تبادلہ خیال کیاگیا،ایوان صدر میں ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنماﺅں نے مجوزہ26ویںآئینی ترمیم کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی ۔ملاقات کے دوران آئینی ترمیم کی دونوں ایوانوں سے منظوری اور نمبرز پورے ہونے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی ۔
دوسری جانب آئینی ترا میم پر مشاورت کے معاملے میں جمعیت علمائے اسلام (ف) نے پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس طلب کیا ہے۔ پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس آج شام طلب کیاگیا ہے۔ بتایاگیا ہے کہ اجلاس مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر ہوگا اس میں آئینی ترمیم پر مشاورت ہوگی۔
سربراہ جے یو آئی (ف)مولانا فضل الرحمان پارلیمانی پارٹی کو آئینی ترمیم کے حوالے سے اعتماد میں لیں گے۔
قبل ازیں آئینی ترمیم کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی آئینی عدالت کے قیام سے دستبردار ہونے کو تیار ہوگئے ہیں ۔آئینی ترمیم پر اتفاقِ رائے کیلئے قائم پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میںجمعیت علمائے اسلام (ف)کی تجویز پر حکومت اور پیپلزپارٹی نے آئینی عدالت کے قیام سے پیچھے ہٹنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔
چیئرمین کمیٹی خورشید شاہ کی زیر صدارت خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں 26 ویں آئینی ترمیم کے مسودے پر بات چیت کی گئی۔پارلیمانی اجلاس میں حکومت اور جے یو آئی(ف) نے مشترکہ مسودہ پر پی ٹی آئی سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے جبکہ مولانا فضل الرحمان حتمی مسودہ پی ٹی آئی قیادت کیساتھ شیئر کرینگے۔ حکومتی اتحادی جماعتوں اور جے یو آئی میں آئینی عدالت کے قیام کی 26ویں آئینی ترمیم ڈراپ کرنے اور آئینی بینچ کی تشکیل پر اتفاق ہوگیاہے۔
اجلاس میں پارلیمانی جماعتوں کی جانب سے آئینی ترمیمی مسودوں پر اتفاقِ رائے کے قیام اور پارلیمانی جماعتوں کے مسودوں کو یکجا کرنے پر گفتگو ہوئی۔جے یو آئی (ف) نے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو آئینی عدالت کا مسودہ واپس لینے کی تجویز دی جس پر پیپلز پارٹی اور حکومت نے آئینی عدالت کا مسودہ واپس لینے پر رضا مندی ظاہر کر دی۔ لیگی سینیٹر عرفان صدیقی کاکہنا ہے کہ اتفاق رائے کے بہت قریب پہنچ گئے ہیں بس اب ایک پھونک کی دیر ہے، پھونک کمیٹی مارے گی۔
آج کمیٹی میں بہت اچھی گفتگو ہوئی ہے تقریباً سب کا اتفاق ہوگیا ہے۔ پیپلزپارٹی شیریں رحمان کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ آج پی ٹی آئی نے مسودہ پیش نہیں کیا۔ پی ٹی آئی آج شام جمعیت علمائے اسلام کے ساتھ بیٹھے گی۔ پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام کا مسودے پر اتفاق ہوگیا ہے۔حکومت اور جے یو آئی (ف)نے مشترکہ مسودے پر پی ٹی آئی سے مشاورت کا فیصلہ کرلیا۔ مولانا فضل الرحمان حتمی مسودہ پی ٹی آئی قیادت کیساتھ شیئر کریں گے اور مسودے کی تیاری حتمی مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ(ن) نے آصف زرداری اور نواز شریف سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے اور دونوں رہنماوں کی رضامندی کے بعد آئینی عدالت سے متعلق مسودہ باضابطہ طور پر واپس لیا جائے گا۔
Comments