اسلام آباد(نیوزڈیسک) چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی جانب سے بھیجے گئے 3ریسرچرز کوواپس سپریم کورٹ بلا لیا،تینوں ریسرچرز کو 28اکتوبر کو سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ڈیپوٹیشن مکمل ہونے پر تینوں ریسرچرز کو لاہور ہائی کورٹ بھیج دیا تھا،ریسرچرز میں سینئر سول جج ظفر اقبال، سول جج حسن ریاض اور سول جج وقاص علی مظہر شامل ہیں، تینوں ریسرچرز جسٹس منصور علی شاہ کی ٹیم کا حصہ تھے۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے تینوں ریسچرز کو ڈیپوٹیشن پر واپس سپریم کورٹ بلانے کے احکامات جاری کئے۔خیال رہے کہ اس سے قبل بھی چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ خان آفریدی نے سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی تشکیل کردہ تنازعات کے حل کی متبادل کمیٹی تبدیل کردی تھی۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے تنازعات کے حل کی متبادل کمیٹی کی تشکیل نو کر تے ہوئے سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس منصور علی شاہ کوآلٹرنیٹ ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی (اے ڈی آر) کا چیئرمین مقررکیا تھاجس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیاگیاتھا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس شاہد وحید کمیٹی کے ممبران ہوں گے۔نوٹیفیکیشن کی کاپی تمام متعلقہ افسران کو بھجوا دی گئی تھی ۔یہ بھی بتایاگیا تھا کہ سابق چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے اگست 2024 میں تنازعات کے متبادل حل کیلئے ٹاسک فورس کی از سر نو تشکیل کی تھی۔ لا اینڈ جسٹس کمیشن کے 22 جولائی کو جاری کئے گئے نوٹیفکیشن میں بتایا گیاتھا کہ جسٹس منصور علی شاہ کی ٹاسک فورس کی رکنیت ختم کردی گئی تھی اور جسٹس یحییٰ خان آفریدی کو کمیٹی کا سربراہ بنایا گیا تھا۔
قبل ازیں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے اپنے دفتر میں اہم افسران تعینات کردیئے تھے۔چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے اپنا نیا سیکرٹری اور ایگزیکٹو آفیسر تعینات کر دیاتھا۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی منظوری کے بعد نئے افسران کی تعیناتیوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا تھا۔نوٹیفکیشن کے مطابق سینئر پرائیویٹ سیکرٹری محمد یاسین کو گریڈ 21 میں چیف جسٹس پاکستان کا سیکرٹری جبکہ سینئر پرائیویٹ سیکرٹری محمد عارف کو گریڈ 20 میں چیف جسٹس کا ایگزیکٹو آفیسر تعینات کیا گیا تھا۔
Comments