راولپنڈی(نیوزڈیسک) 190 ملین پاونڈز کیس میں عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے وکیل کو جرح کا حق ختم کرنے کی وارننگ دیدی، وکلاءصفائی کو بدھ کے روز 10 بجے تک جرح کرنے کا آخری موقع دیدیا، اگلی سماعت پر جرح نہ کی گئی تو جرح کا حق ختم کردیں گے،بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاونڈز ریفرنس کی سماعت اڈیالہ جیل میں جج ناصر جاوید رانا کے روبرو ہوئی، عمران خان کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ بشریٰ بی بی پیشی کیلئے اڈیالہ جیل پہنچیں۔
بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان گل مصروفیات کے باعث پیش نہ ہوئے۔معاون وکیل فیصل چوہدری کی جانب سے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی۔نیب پراسیکیوشن ٹیم کی جانب سے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست کی مخالفت کی گئی۔
سماعت کے دوران عدالت میں عمران خان کی بہنیں علیمہ خان اور ڈاکٹر عظمیٰ موجود تھیں،چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجہ، بیرسٹر سیف، خالد یوسف چوہدری بھی عدالت میں موجود تھے۔
نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی نے کہا کہ 36 سماعتیں ہوچکی ہیں بشریٰ بی بی کے وکیل جرح مکمل نہیں کررہے۔ کیس کو غیر ضروری طول دیا جارہا ہے وکیل صفائی کا جرح کا حق ختم کیا جائے، دس بجے سماعت کا وقت ہے وکیل صفائی پیش کی نہیں ہوئے۔عدالت نے وکلاءصفائی کو بدھ کے روز دس بجے تک جرح کرنے کا آخری موقع دیا اور وارننگ دی کہ آئندہ سماعت پر جرح نہ کی گئی تو جرح کا حق ختم کردیں گے۔
عدالت نے ریفرنس کی سماعت 6 نومبر صبح دس بجے تک ملتوی کردی۔خیال رہے کہ گزشتہ سماعت پر بھی بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاونڈز ریفرنس میں 35ویں سماعت پر بھی نیب کے آخری گواہ پر جرح مکمل نہ ہو سکی تھی۔احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاونڈز ریفرنس کی سماعت کی تھی۔
بانی پی ٹی آئی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا تھالیکن بشریٰ بی بی عدالت پیش نہیں ہوئیں تھیں۔ وکیل عثمان گل نے بشریٰ بی بی کی طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اپنایا تھا کہ کیس کی سماعت بدھ تک ملتوی کی جائے۔نیب پراسیکیوٹر نے وکیل صفائی کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھاکہ جان بوجھ کر کیس کو طول دینے کی کوشش کی جارہی ہے، 35 سماعتیں ہو چکی ہیں کیس کے آخری گواہ پر جرح مکمل نہیں کی جارہی ۔
بشریٰ بی بی عدالت نہیں آسکتیں تو عثمان گل کو ہی اپنا پلیڈر مقرر دیں، بشریٰ بی بی اگر عدالت نہیں آتیں تو انکے وارنٹ جاری کئے جائیں۔نیب وکلاءکاکہناتھا کہ اگر قانون کے مطابق ملزمہ پیش ہو جاتی ہیں یا پلیڈر مقرر ہو جاتا ہے تو وارنٹ گرفتاری جاری نہ کئے جائیں۔بعدازاں عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاونڈز ریفرنس پر سماعت 4 نومبر تک ملتوی کر دی تھی۔
Comments