راولپنڈی(نیوزڈیسک) پولیس نے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر سے حراست میں لئے گئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماﺅں کو حراست میں لینے کے کچھ دیر بعد چھوڑ دیا گیا، رہا ہونے کے بعد عمر ایوب،شبلی فراز،اسد قیصر،احمد خان بھچر اور صاحبزادہ حامد رضا بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کیلئے اڈیالہ جیل کے اندر چلے گئے،پی ٹی آئی کے تمام رہنماء گیٹ نمبر 5 پر پہنچے جہاں سے سکیورٹی کلیئرنس ملنے کے بعد یہ سب جیل کے اندر روانہ ہوئے۔
رہنماء پی ٹی آئی اسد قیصر نے رہائی کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں غیر قانونی طور پر چوکی کی حوالات میں بند رکھا گیا۔ ہم بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے آئے تھے۔ ہم اسلام آباد جا کر پریس کانفرنس کریں گے۔
قبل ازیں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں ملاقات کیلئے جانے والے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماﺅں کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔
حراست لئے گئے رہنماﺅں کو اڈیالہ چوکی منتقل کر دیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان سے ملاقات کیلئے پی ٹی آئی رہنماءآج جیسے ہی اڈیالہ جیل کے باہر پہنچے توانہیں گرفتار کرلیا گیا تھا۔گرفتار ہونے والے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، سینیٹر شبلی فراز اور رہنماء پی ٹی آئی اسد قیصر سمیت پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر اور صاحبزادہ حامد رضا شامل تھے ۔
بعدازاں تمام گرفتارہونے والے پی ٹی آئی رہنماﺅں کو اڈیالہ چوکی منتقل کردیا گیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماﺅں کو دفعہ 144کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا تھا ۔دریں اثناءمرکزی قیادت کو اڈیالہ جیل کے باہر سے حراست میں لینے کے معاملے پر مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ آج شیڈول کے مطابق بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات تھی جس کیلئے شبلی فراز ، عمر ایوب ، صاحبزادہ حامد رضا اور اسد قیصراڈیالہ جیل ملاقات کیلئے پہنچے تھے۔
تمام قیادت کو 3 بجے تک انتظار کرایا گیا اور بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہیں کروائی گئی۔ جب تمام قیادت وہاں سے واپس روانہ ہونے لگی تو انہیں ان کی گاڑیوں سے اتار کر حراست میں لیا گیا۔ شیخ وقاص اکرم کا مزید کہنا ہے کہ ہم اس فسطائیت کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔
Comments