راولپنڈی(نیوزڈیسک) راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے سیل کو باقاعدہ تھانہ ڈکلیئر کر دیاگیا،پولیس کی نفری تعینات کر دی گئی، سرکل 4 کو تھانہ قرار دینے کے احکامات سی پی او راولپنڈی کی جانب سے جاری کئے گئے،ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کے سیل سرکل 4 کو تھانہ نیو ٹاون قرار دیا گیاہے۔
بانی پی ٹی آئی سیل پر پولیس کی سکیورٹی تعینات کر دی گئی ہے جبکہ پولیس اہلکار سیل پر 3 شفٹوں میں ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اس حوالے سے سی پی او راولپنڈی نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز انسداد دہشتگردی کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کا تھانہ نیو ٹاﺅن میں درج کئے گئے مقدمے میں 5روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیاتھا۔
جسمانی ریمانڈ منظور ہوتے ہی بانی پی ٹی آئی کے سیل کو پولیس اسٹیشن ڈکلیئر کیاگیاتھا۔انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں سماعت کی تھی۔پراسیکیوشن نے 15 روزہ جسمانی ریمانڈ مانگا تھا جس پر عدالت نے عمران خان کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیاتھا۔بانی پی ٹی آئی کی مقدمے سے ڈسچارج کرنے کی استدعا مسترد کردی تھی۔
عمران خان جسمانی ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں تھانہ نیو ٹاون پولیس کی حراست میں رہیں گے۔عمرن خان کو تھانہ نیوٹاون کے مقدمے میں 26 نومبر کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ تفتیشی آفیسر راشد کیانی اڈیالہ جیل میں تفتیش کریں گے۔قبل ازیںزاسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے توشہ خانہ 2کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت منظور کرنے اور انہیں رہا کرنے کا حکم دیاگیا تھا ۔
اسلام آباد ہائیکورٹ بانی پی ٹی آئی کو 10، 10 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے ان کی ضمانت منظور کی تھی۔عدالت نے اس کے ساتھ ہی بانی پی ٹی آئی کو ٹرائل کورٹ کے سامنے بھی پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔تاہم بعد ازاں پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو راولپنڈی کے تھانہ نیوٹاون میں درج دہشت گردی کے مقدمے میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔ بانی پی ٹی آئی کے خلاف جلاو گھیراو، املاک کو پہنچانے پر راولپنڈی پولیس نے تھانہ نیو ٹاﺅن میںمقدمہ درج کیا تھا۔تھانہ نیو ٹاون میں عمران خان کے خلاف جلاو گھیراو، پتھراو، پولیس سے مزاحمت، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کا مقدمہ دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا تھا۔
Comments