پاراچنار (نیوزڈیسک) پاراچنار میں حالات انتہائی کشیدہ ہوچکے ہیں جہاں 2 قبائل میں تصادم کے نتیجے میں 16 افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تحصیل لوئر کرم کے علاقے علیزئی اور بگن کے قبائل کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، ان جھڑپوں میں اب تک 16 افراد جاں بحق اور 25 افراد زخمی ہوچکے ہیں، پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ بالش خیل، خار کلی اور کنج علیزئی اور مقبل گاؤں کے درمیان بھی فائرنگ ہوئی، فریقین نے ایک دوسرے کو بھاری اور خود کار اسلحے سے نشانہ بنایا، خراب حالات کے باعث ضلع کرم میں تعلیمی ادارے بند ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ فریقین کے درمیان لڑائی کا سلسلہ مسافر گاڑیوں پر فائرنگ کے بعد شروع ہوا جہاں پاراچنار سے پشاور جانے والی مسافر گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا، مسافرگاڑیاں سکیورٹی فورسزکی حفاظت میں پاراچنار سے پشاور جارہی تھیں کہ اس دوران بگن، مندوری اور اوچت کے مقام پر مسافر وین پر فائرنگ کے نتیجے میں 43 افراد جاں بحق ہوئے تھے، مسافر گاڑیوں پر فائرنگ میں 6 خواتین اور 5 بچے بھی شہید ہوئے۔
ڈی پی او کرم نے بتایا کہ پشاور سے پاراچنارجانے والے قافلے میں شامل مسافر گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا، گاڑیوں پر خود کار ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی، لوئر کرم کے علاقے اوچت میں مسافر گاڑیوں پر مسلح افراد کی جانب سے اچانک اندھادھند فائرنگ کر دی گئی جس کے نتیجے میں متعد د افراد کے جاں بحق اور زخمی ہونے کی اطلاعات ملیں، واقعے کے فوری بعد پولیس کی بھاری نفری اور ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پرپہنچے اور زخمیوں و لاشوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا۔
Comments