ڈیرہ غازی خان(نیوزڈیسک) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جانب سے سعودی عرب کیخلاف متنازعہ ویڈیو بیان دینے پر ٹیلی گراف ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیاگیا،بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ کیخلاف ایف آئی آر ڈیرہ غازی خان میں درج کی گئی ہے۔ مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی نے لوگوں کو ورغلانے کیلئے نفرت انگیز بیان دیا،تھانہ جمال خان میں غلام یاسین نامی شخص کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر میں مدعی نے موقف اختیار کیا کہ نجی چینل پر بشریٰ بی بی کا بیان سنا جو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات خراب کرنے کی سازش لگی۔پولیس کے مطابق ملزمہ کے خلاف دفعہ 126 ٹیلی گراف ایکٹ اور دیگر قوانین کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے۔
مدعی نے موقف اختیار کیا کہ بشریٰ بی بی کا ویڈیو بیان پاکستانی عوام کے جذبات مجروح کرنے کے مترادف اور یہ سوچی سمجھی سازش ہے لہذا بشری بی بی کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
دریں اثناءبانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف راجن پور میں بھی ٹیلی گراف ایکٹ 1885 کے تحت تھانہ محمد پور گم والا میں حاکم نامی شہری کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا جبکہ ضلع لیہ میں سٹی تھانے میں سہیل اشفاق نامی شخص کی مدعیت ٹیلی گراف ایکٹ129، 1885 کے تحت بھی مقدمہ درج کیا گیا۔یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ روز بانی پی ٹی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے دعویٰ کیا تھا کہ عمران خان جب مدینہ ننگے پاو¿ں گئے اور واپس آئے تو جنرل باجوہ کو کالز آنا شروع ہوگئیں تھیںکہ یہ آپ کس شخص کو لے آئے تھے۔
بشریٰ بی بی نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا تھاکہ جنرل باجوہ (سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ) کو کہا گیا کہ یہ آپ کس شخص کو لے کر آئے ہیں ہمیں ایسے لوگ نہیں چاہئیں۔ سابق آرمی چیف جنرل (ر)باجوہ کو کہا گیاتھا ہم تو ملک میں شریعت ختم کرنے لگے ہیں اور آپ ایسے شخص کو لے کر آئے۔اپنے ویڈیو پیغام میں بشریٰ بی بی نے کہا تھاکہ تب سے ہمارے خلاف گند ڈالنا شروع کر دیا گیاتھا۔
میرے خلاف گند ڈالا گیاتھا۔ بانی پی ٹی آئی کو یہودی ایجنٹ کہنا شروع کیا گیاتھا۔24 نومبر کے احتجاج کے حوالے سے بشریٰ بی بی کا کہنا تھا کہ ہمارا احتجاج آئین اور قانون کے مطابق ہوگا، قانون کے مطابق کسی کو پرامن احتجاج سے نہیں روکا جاسکتا بشریٰ بی بی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے پیغام دیا ہے کہ سب 24 نومبر کے احتجاج کا حصہ بنیں۔ 24 نومبر کی تاریخ کسی صورت تبدیل نہیں ہوگی۔ جب تک بانی پی ٹی آئی خود تاریخ بدلنےکا اعلان نہیں کرتے احتجاج کی تاریخ تبدیل نہیں ہوگی۔
Comments