اسلام آباد (نیوزڈیسک) سکیورٹی ذرائع نے ڈی چوک میں پی ٹی آئی مظاہرین کی اموات کی خبر جھوٹی اور من گھڑت قرار دیدی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے سکیورٹی اداروں کی شیلنگ سے کئی مظاہرین کی اموات ہوئی، سوشل میڈیا پر چند لوگوں کی جانب سے جھوٹا پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے، مظاہرین کی اموات کی خبر جھوٹی اور من گھڑت ہے۔
سکیورٹی ذرائع کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اپنی ناکامیوں، کوتاہیوں کو چھپانے کیلئے ایک بار پھر پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے، مظاہرین کی اموات کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے، کل رات پولیس اور رینجرز آپریشن میں کسی آتشی اسلحے کا استعمال نہیں کیا گیا۔ بتایا جارہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے بلیو ایریا میں پی ٹی آئی مظاہرین کے خلاف کیے جانے والا گرینڈ آپریشن مکمل ہوچکا ہے، ذرائع نے بتایا کہ آپریشن میں ڈیڑھ ہزار کے قریب پنجاب اور اسلام آباد پولیس اہلکار اور رینجرز اہلکاروں نے حصہ لیا، آپریشن میں پی ٹی آئی کے 450 سے زائد کارکنان کو گرفتار کیا گیا اور بلیو ایریا کو مظاہرین سے مکمل طور پر کلیئر کروا لیا گیا، اس دوران بلیو ایریا میں آنسو گیس کی شدید شیلنگ اور فائرنگ بھی کی گئی۔
معلوم ہوا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلیوایریا اسلام اباد کا دورہ کیا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں سے ملاقاتیں کیں، انہوں نے اسلام آباد میں نقصانات کا بھی جائزہ لیا، محسن نقوی نے اسلام آباد کے علاقے کلیئر کرانے پر سکیورٹی فورسز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ رینجرز، پولیس، ایف سی اور پاک فوج کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، شرانگیزی کی سازش بری طرح سے ناکام ہوئی، سی ڈی اے کو صفائی کے لیے ہدایات دے دی ہیں۔
Comments