اسلام آباد(نیوزڈیسک) وفاقی کابینہ نے مزید 8 آئی پی پیز کے ٹیرف ریویو کرنے کی منظوری دیدی،ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے جے ڈی ڈبلیو، چنیوٹ پاور، حمزہ شوگر، المعیز پاور پلانٹ کے ساتھ ٹیرف کے ازسر نو جائزے کی منظوری دی۔ علاوہ ازیں تھل انڈسٹریز اور چنار انرجی کے ساتھ بھی ٹیرف ریویو کی منظوری دی گئی،وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہواجس میں مزید 8 آئی پی پیز کے ٹیرف ریویوکی منظوری دی گئی۔
د ریں اثناءوزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان شام کے معاملے پر غیرجانب دار رہا۔ ہم شام میں پھنسے ہوئے پاکستانی بھائیوں کے لیے فکرمند ہیں وہاں محض چند دن میں حالات یکسر تبدیل ہوگئے۔
پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے اقدامات کررہے ہیں جس کیلئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار لبنان اور شام میں سفیروں سے مکمل رابطے میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پر چڑھائی کی ناکام کوشش کی گئی۔ ملوث افراد کو کسی صورت بھی نہیں چھوڑا جائے گا۔ معاشی استحکام سیاسی استحکام سے بڑا ہے جنہوں نے اسلام آباد پر چڑھائی کرنے کی ناپاک کوشش کی اس پر ہم نے میٹنگ کی اور ہم نے اس میں ہدایات دیں کہ ملک کے خلاف جو سازش کی گئی اس میں ملوث کسی بھی شخص کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے اور اگر کوئی بے گناہ ہے تو اسے کی صورت ہاتھ تک نہ لگایا جائے۔
اسلام آباد میں توڑ پھوڑ کے حوالے سے میٹنگ میں واضح ہدایات دیں۔ جبکہ ملک کے خلاف سازش کرنے والوں کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ترسیلات زر میں بھی بڑا اضافہ ہوا ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے رقوم بھجوائیں۔ پاکستان دنیا میں اپنا مقام بنائے گا۔بیرونی سرمایہ کاری کیلئے سیاسی استحکام ضروری ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 3.57 فیصد پر آ گئی ہے۔ ترقی اور سرمایہ کاری کیلئے سیاسی استحکام ازحد ضروری ہے، معاشی استحکام سیاسی استحکام سے جڑا ہے، ملکی معاشی ترقی کیلئے امن کا قیام بہت ضروری ہے۔
Comments