Social

اقتصادی راہداری سے لیکر دیگر کئی شعبوں میں چین سے تعاون میں مزید بہتری آرہی ہے، وزیراعظم

اسلام آباد (نیوزڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح نے پاکستان اور ماؤ زے تنگ نے جدید چین کی بنیاد رکھی، پاکستان اورچین کے تاریخی تعلقات باہمی احترام اور اعتماد کی بنیاد پر استوار ہیں، پاکستان اور چین کی آل ویدر سٹریٹجک پارٹنر شپ نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے، عالمی امن و خوشحالی کے لیے پاکستان اور چین مل کر کام کر سکتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ممتاز چینی آرٹسٹ و مجسمہ ساز ماسٹر یوآن شیکم سے ملاقات اور 25 دسمبر کو قائد اعظم اور 26 دسمبر کو ماؤ زے تنگ کی سالگرہ کی مناسبت سے ان کے مجسموں کی نقاب کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر چیئرمین ماؤ زے تنگ کی بھتیجی مادام ماؤ شیاؤ چنگ بھی موجود تھیں، ماسٹر یوآن کے بنائے ہوئے قائد اعظم محمد علی جناح اور چیئرمین ماؤ زے تنگ کے مجسموں کے حوالے سے خصوصی تقریب کا انعقاد قائد اعظم اور ماؤ زے تنگ کی سالگرہ کی مناسبت سے کیا گیا، وزیراعظم نے پاکستان آمد پر ماسٹر یوآن کو خوش آمدید کہا، انہوں نے قائد اعظم اور چیئرمین ماؤ کا شاندار مجسمہ بنانے پر ماسٹر یوآن کا شکریہ ادا کیا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا، وزیراعظم نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ اور چیئرمین ماؤ کے مجسموں کو قیمتی تحفے قرار دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ تقریب تاریخی ہے، دونوں رہنماؤں کے مجسمے ماسٹر یوآن کی مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہیں، قائداعظم محمد علی جناح نے برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کی قیادت کرتے ہوئے نئی اسلامی مملکت پاکستان کی بنیاد رکھی، جدید چین کی بنیاد رکھنے میں چیئرمین ماؤ کا کلیدی کردار تھا، چیئرمین ماؤ زے تنگ کی عزت و احترام ہر پاکستانی کے دل میں ہے، پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی تعلقات باہمی احترام و اعتماد پر مبنی ہیں، چین اور پاکستان دونوں قدیم تاریخی ورثوں کے امین ہیں، ہمار ی تہذیبیں ہزاروں سال پرانی ہیں، چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے سے لے کر دفاع اور دفاعی پیداوار اور زراعت کے شعبوں میں تعاون میں مزید بہتری آ رہی ہے، پاکستان سے زراعت کے شعبے کے گریجویٹ کا پہلا بیچ چینی زرعی یونیورسٹیوں میں تربیت اور تحقیق کی غرض سے جلد چین روانہ ہوگا۔
ان کا کہنا ہے کہ رواں سال جون میں اپنے دورہ چین کے دوران شیان میں ٹیرا کوٹا واریئرز میوزیم جانے کا اتفاق ہوا جو انتہائی متاثرکن تاریخی ورثہ اپنے اندر سموئے ہوئے ہے، پاکستان وادی سندھ کی قدیم ترین تاریخ کا مسکن ہے، موہنجودڑو اور ہڑپہ میں ہزاروں سال پرانی انسانی تاریخ پنہاں ہے، رواں سال چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ کے پاکستان کے دورہ سے دونوں ممالک کے مثالی تعلقات مزید مستحکم ہوئے، پاکستان اور چین کی آل ویدر سٹریٹجک پارٹنر شپ نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے، عالمی امن اور خوشحالی کے لیے پاکستان اور چین مل کر کام کرسکتے ہیں۔
اس موقع پر ماسٹر یوآن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج یہاں پاکستان آنا ان کے لئے انتہائی خوشی کا باعث ہے، قائد اعظم محمد علی جناح اور چیئرمین ماؤزئے تنگ عظیم لیڈر ہیں، ان کی عظمت نے مجھے ان کے مجسمے بنانے پر مجبور کیا، سی پیک کے 10 سال پورے ہونے پر دونوں رہنماؤں کے مجسمے بنانا میرے لیے فخر کا باعث ہے، ان مجسموں کی رونمائی دونوں ممالک کے مابین محبت اور اخوت کا مظہر ہے۔
قبل ازیں ماسٹر یوآن نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو اپنے بنائے ہوئے دونوں رہنمائوں کے مجسموں کا تحفہ پیش کیا، تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات ، نشریات و ثقافت عطاء اللہ تارڑ ، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی ،پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ ژی ڈونگ ، چین میں تعینات پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی اور سرکاری افسران موجود تھے۔


اس خبر پر اپنی راۓ کا اظہار کریں

RATE HERE


آپ کا نام


آپکا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا

آپکا ای میل ایڈریس


آپنا تبصرا لکھیں
Submit

Comments

اشتہار



مزید پڑھیں
tml> Tamashai News Tv