اسلام آباد (نیوزڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری نے سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ 2024ء پر دستخط کر دیئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی اسمبلی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ صدر کے دستخط کے ساتھ ہی بل قانون بن گیا، قومی اسمبلی جلد اس حوالے سے گزٹ نوٹیفیکیشن جاری کرے گی، قانون کے تحت دینی مدارس کی رجسٹریشن سوسائٹی ایکٹ کے مطابق ہوگی، یہ معاملہ افہام و تفہیم سے حل کرلیا گیا۔
بتایا جارہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے مدارس رجسٹریشن کیلئے سوسائٹیز رجسٹریشن ترمیمی آرڈیننس کی منظوری دی، وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں جمعیت علماء اسلام ف کے ساتھ حکومت کے تنازعے کی وجہ بننے والے سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ میں ترمیم کے لیے آرڈیننس کی منظوری دی گئی، کابینہ نے وزارت قانون کی سفارش پر 1860 کے سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ میں ترمیم کے آرڈیننس کی منظوری دی۔
قبل ازیں مدارس رجسٹریشن کے ترمیمی بل کو پارلیمنٹ نے اکتوبر میں منظور کیا لیکن صدر مملکت آصف علی زرداری نے اعتراضات لگا کر اسے واپس بھیج دیا تھا، صدر آصف علی زرداری نے مدارس کی رجسٹریشن کے لیے پہلے سے موجود قوانین جیسے پاکستان مدرسہ ایجوکیشن بورڈ آرڈیننس 2001ء اور اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹوری ٹرسٹ ایکٹ 2020ء کا حوالہ دیا اور ان قوانین کی موجودگی میں نئی قانون سازی کو غیرضروری قرار دیا گیا۔
Comments