پشاور(نیوزڈیسک)ایم آر آئی مشین زمین کھا گئی یا آسمان نگل گیا ، خیبرپختونخواہ کے ہسپتال سے مبینہ مشین چوری کا معاملہ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں پہنچ گیا، اجلاس میں قائمہ کمیٹی نے معاملے کا نوٹس لیا، ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں مبینہ طور پرایم آرآئی مشین کے غائب ہونے کا انوکھا اور حیرت انگیز واقعہ سامنے آیا، میڈیا رپورٹس کے مطابق قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مشتاق غنی کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں سیکرٹری اور ڈی جی صحت کی غیرحاضری پر کمیٹی ارکان نے برہمی کا اظہار کیا گیا۔
چیئرمین قائمہ کمیٹی کا کہنا تھا کہ اتنے اہم اجلاس میں سیکرٹری اور ڈی جی صحت کی غیر حاضری ناقابل برداشت ہے۔ آئندہ کسی افسر کی غیرحاضری برداشت نہیں کریں گے۔
اجلاس کے دوران چیئرمین کمیٹی مشتاق غنی نے محکمہ صحت کے اہلکاروں کو اجلاس سے نکال دیا ۔ان کا کہنا تھا کہ ہم یہ ماننے کو تیار نہیں کہ ایم آر آئی مشین گم ہوئی ہے۔انہوں نے اجلاس میں یہ بھی کہا کہ اتنی بڑی اور وزنی مشین کوزمین کھاگئی یا آسمان نگل گیا۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس سے قبل سال 2023 کی آڈٹ رپورٹ میں بھی ایوب میڈیکل کمپلیکس میں دو کروڑ روپے کی مالی بے ضابطگیاں سامنے آئی تھیں۔جس پرپاکستان تحریک انصاف کے رہنماءمشتاق غنی نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایوب میڈیکل کمپلیکس کی بدقسمتی ہے یہاں کوئی مستقل سٹاف نہیں آتا۔ ایوب میڈیکل کمپلیکس میں بی اوجی سسٹم رائج ہے جس کے باعث صوبائی حکومت کاعمل دخل محدود ہے۔
ایوب میڈیکل کمپلیکس کی آڈٹ رپورٹ پی اےسی میں دیکھی جائے گی جو بے ضابطگیاں سامنےآئی ہیں اب ہم انہیں چھوڑیں گے نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور چاہتے ہیں ایسی بے ضابطگیوں کا سدباب ہو اوربے ضابطگیوں میں ملوث افراد سے ریکوری کی جائے گی۔
Comments