لاہور(نیوزڈیسک)پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید دھند سے حد نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث موٹر ویز کو مختلف مقامات سے بند رکھا گیا،دھند کے باعث فلائٹ آپریشن بھی متاثر رہا ۔ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق دھند کے باعث موٹر وے ایم 2 کولاہور سے کوٹ مومن، ایم 3 کوفیض پور سے سمندری جبکہ لاہور سیالکوٹ موٹر وے ایم 11 پر بھی ٹریفک کا داخلہ بند رکھا گیا۔
موٹرویز بند ہونے کی وجہ سے دوسروں شہروں سے آنے اور جانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا ۔حد نگاہ بہتر ہونے کے بعد موٹر ویز کو مرحلہ وار کھول دیا گیا۔ترجمان موٹر وے پولیس نے کہا ہے کہ ڈرائیور حضرات دھند میں گاڑیوں پر فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں اور تیزی سے لین تبدیل نہ کریں، شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنا چاہیے۔
اس کے علاوہ دھند کے باعث فلائٹس آپریشن بھی متاثر رہا اور کئی پروازیں تاخیر کا شکار ہیں ۔علاوہ ازیںصوبائی دارالحکومت سمیت دیگر مقامات پر بارث کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔گزشتہ روزصبح کے وقت لاہور کے مختلف علاقوں گڑھی شاہو، ایبٹ روڈ، مال روڈ، انار کلی، سمن آباد، چوک یتیم خانہ، اقبال ٹائون، ٹائون شپ، جوہر ٹائون، ٹھوکر نیاز بیگ اور چونگی امر سدھو میں بارش ہوئی جس کی وجہ سے سردی کی شدت مزید بڑھ گئی جبکہ بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا ۔
Comments