اسلام آباد(نیوزڈیسک)اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے غیر قانونی اسلحہ و شراب برآمدگی کیس میں عدم پیشی پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیدیا، جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن نے غیر قانونی اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس کی سماعت کی،وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے جس پر عدالت نے اظہار برہمی کیا۔
مسلسل عدم پیشی پر ایس ایس پی آپریشنز کو علی امین گنڈاپور کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ مقدمے کے تفتیشی افسر اور وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کے وکیل راجہ ظہور الحسن ایڈووکیٹ بھی عدالت پیش نہ ہوئے۔ جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نہ ملزم پیش ہوا اور نہ ہی وکیل پیش ہوا ہے ۔
بعدازاںعدالت نے کیس کی سماعت 21 جنوری تک ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو اشتہاری قرار دئیے جانے کی کارروائی منسوخی کا تحریری فیصلہ جاری کردیا گیا تھا۔ انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ نے فیصلہ جاری کیا تھا۔انسداد دہشت گردی عدالت کے فیصلے کے مطابق 30 مقدمات میں سیکشن 87 کے تحت وارنٹ گرفتاری اور اشتہاری قرار دئیے جانے کی کارروائی کا حکم دیا گیاتھا۔
علی امین گنڈاپور کے وکیل نے پشاور ہائیکورٹ کا حکم نامہ عدالت میں پیش کیا جبکہ عدالت نے تمام کارروائی اور وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دئیے تھے۔قبل ازیں بھی عدالت نے وزیر اعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے سینئیر سول جج مبشر حسن چشتی نے حاضری سے استثنی کی درخواست مسترد کر دی جبکہ عدالت نے شراب برآمدگی کیس میں ایس ایس پی آپریشنز کو وارنٹ گرفتاری پر تعمیل کرانے کا حکم دیا تھا۔
سینئر سول جج مبشر حسن چشتی نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ علی امین گنڈا پور کے خلاف شراب و اسلحہ برآمدگی کیس کی سماعت کی تھی۔ جج نے استفسار کیا کہ علی امین گنڈا پور کا ضمانتی پیش کریں وہ کدھر ہیں؟۔جج نے ریمارکس دیے اگر عدالت میں ملزم پیش نہیں ہو گا تو میں وارنٹ گرفتاری جاری کرونگا۔وکیل نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ وارنٹ گرفتاری منسوخ کر کے بریت کی درخواست پر بحث کا حکم جاری کیا جائے۔
جج نے ہدایت کی آپ تحریری درخواست لے آئیں میں اس پر فیصلہ کروں گا، آئندہ سماعت تک وارنٹ گرفتاری کی تعمیل نہ کرائی گئی تو ایس ایس پی آپریشنز ذاتی حیثیت میں عدالت پیش ہوں۔عدالت نے حکم دیا ایس ایس پی وارنٹ گرفتاری کی تعمیل نہ ہونے کے وجوہات بارے عدالت کو آگاہ کرینگے،کیس کی مزید سماعت 2 نومبر تک ملتوی کر دی تھی۔
Comments