اسلام آباد (نیوزڈیسک) وفاقی دارالحکومت میں قائم خیبرپختونخواہ ہاؤس میں اسلام آباد پولیس کی کارروائی سے ہونے والے نقصان کی رپورٹ جاری کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ ہاؤس اسلام آباد میں 3 کروڑ روپے سے زائد کے نقصان کا تخمینہ لگایا گیا ہے، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ کے گمشدہ سامان کی مالیت تقریباً 35 لاکھ روپے بتائی جارہی ہے، یہ اعداد و شمار نقصان کا اندازہ لگانے کے لیے خیبرپختونخواہ اسمبلی کی 12 رکنی پارلیمانی کمیٹی کی جانب سے سامنے آئے ہیں، جس کی رپورٹ صوبائی اسمبلی میں پیش کی جائے گی۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ خیبرپختونخواہ ہاؤس سے سرکاری اسلحہ، موبائل اور نقدی غائب ہوئی، کارروائی کے دوران وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کی گاڑیوں کو ہونے والے نقصان کا تخمینہ 10 لاکھ روپے لگایا گیا ہے، کمیٹی نے کے پی ہاؤس میں قیمتی آلات، سی سی ٹی وی کیمرے، ڈی وی آر، لیپ ٹاپ اورکمپیوٹر کو ہونے والے نقصان کا تخمینہ 10 لاکھ 50 ہزار لگایا ہے، اس کے علاوہ سی ایم کے کمروں کے دروازے، شیشوں، فیملی روم کو بھی نقصان پہنچا، خیبرپختونخواہ ہاؤس سے 45 لاکھ روپے کے گیس ماسک، موبائل فونز اور دیگر اشیاء بھی غائب ہیں۔
اس کے علاوہ کمیٹی نے سی ایم سیکرٹریٹ کے سٹاف سے اسلحہ گمشدگی، گاڑیوں کے نقصان اور دیگر سامان کی گمشدگی کا تخمینہ 40 لاکھ 50 ہزار روپے لگایا ہے، اسلحہ، موبائل فونز اور نقدی کی گمشدگی کا تخمینہ 30 لاکھ اور وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کی گاڑیوں کو پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ 10 لاکھ روپے لگایا گیا، ان سب کی مجموعی مالیت ایک کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے۔
Comments