اسلام آباد(نیوزڈیسک)حکمران اتحاد کی دوبڑی جماعتوں پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون میں معاملات تاحال طے نہیں ہو سکے اور پیپلز پارٹی نے نون لیگ کو مذاکرات پر مشاورت کے لیے مہلت دے دی. انڈپینڈینٹ نیوزپاکستان نے پی پی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ نون لیگ نے پیپلز پارٹی سے مذاکرات پر وسط جنوری تک مہلت مانگ لی ہے، نون لیگ پارٹی سطح پر مشاورت کرنا چاہتی ہے، پیپلز پارٹی نے نون لیگ کو مشاورت کے لیے مہلت دے دی.
ذرائع نے بتایا کہ نون لیگ پی پی کے مطالبات پر مشاورت کر کے جواب دے گی مسلم لیگ نون نے تحریری معاہدے پر عمل درآمد پر مشاورت کرنی ہے دونوں پارٹیوں کے مذاکرات میں پنجاب پاور شیئرنگ فارمولا اہم رکاوٹ ہے. ذرائع کا کہنا ہے کہ نون لیگ کو پنجاب کے حوالے سے شدید تحفظات ہیں، وہ کسی صورت پیپلز پارٹی کو پنجاب میں اسپیس نہیں دینا چاہتی، اس لیے مذاکرات کی کامیابی یا ناکامی سے متعلق کچھ کہنا قبل از وقت ہے، پیپلز پارٹی نون لیگ سے مذاکرات بارے زیادہ پرامید نہیں ہے.
پی پی ذرائع نے بتایا کہ نون لیگ پنجاب کے علاوہ مطالبات تسلیم کرنے پر آمادہ ہے اس لیے پنجاب سے متعلق تمام مطالبات پورے ہوتے نظر نہیں آ رہے البتہ سندھ، کے پی اور بلوچستان بارے بیش تر مطالبات مان لیے جائیں گے.
Comments