اسلا م آباد(نیوزڈیسک)قومی ائیرلائن (پی آئی اے )کی 4 سال کے بعد یورپ کیلئے پہلی پرواز مسافروں کو لے کر پیرس روانہ ہو گئی،پی آئی اے کا یورپ کیلئے آپریشن بحال ہوگیا،پی آئی اے کے بوئنگ 777 کو اسلام آباد ائرپورٹ پہنچایا گیا جہاں وزیر ہوابازی خواجہ آصف نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر فرانس ایمبیسی سٹاف کے ہمراہ افتتاحی فیتہ کاٹ کر پرواز کو روانہ کیااور مسافروں کو الوداع کیا، پہلی ہی پرواز پر مسافروں کا رش دیکھنے میں آیا اور طیارے کی تمام نشستیں بک تھیں۔
پی آئی اے کی پرواز روانہ کی تقریب میں وزیر ہوابازی،سیکرٹری ایوی ایشن،ڈی جی سی اے اے شریک ہوئے۔ سی ای او پی آئی اے عامر حیات،ایئرپورٹ منیجر آفتاب گیلانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اس حوالے سے پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد سے پیرس کیلئے پہلی پرواز دن بارہ بجے روانہ ہوئی۔مسافر ناشتہ پاکستان اور دوپہر کا کھانا پیرس میں کھائیں گے۔
پی آئی اے پیرس کیلئے ہفتہ وار دو براہ راست پروازیں چلا رہی ہے جن کو بتدریج بڑھایا جائے گا۔پاکستان ائیر لائن کی پروازیں جمعہ اور اتوار کو آپریٹ کی جائیں گی۔ترجمان کے مطابق پیرس آنے اور جانے والی پہلی اور دوسری پروازوں کیلئے فلائٹ بکنگ فل ہو چکی ہیں۔مسافر اپنے موبائل فون، ٹیبلٹ یا لیپ ٹاپ کے ذریعے ان فلائٹ انٹرٹینمنٹ استعمال کر سکیں گے۔
پی آئی اے نے انٹرانیٹ وائرلیس انٹرٹینمنٹ سسٹم کے ذریعے ان فلائٹ انٹرٹینمنٹ کے لیے بھی خصوصی انتظامات کئے ہیں۔قبل ازیں ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ مسافروں کی جانب سے فلائٹ پر مثبت ردعمل سے ہم مستقبل میں مزید بہتر لوڈز کی توقع رکھتے ہیں جو ایک خوش آئند امر ہے۔ پیرس کی پروازیں اب فرانس اور پاکستان میں پاکستانیوں کی دیرینہ خوائش کو پورا کرتی ہیں۔پی آئی اے کی جانب سے مسافروں کو وقت کی بچت کی سہولت کے ساتھ سستے داموں ٹکٹ مل رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ قومی ائیر لائن (پی آئی اے )کا تقریباً ساڑھے چار سال بعد یورپی ملکوں کیلئے فلائٹ آپریشن بحال ہوگیا تھا۔
Comments