لاہور (نیوزڈیسک) پنجاب حکومت نے ’اپنی چھت اپنا گھر پروگرام‘ کیلئے 62 ارب روپے کی منظوری دیدی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا، اجلاس میں بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں تقریباً 5 ہزار شہری اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت قرض لے چکے ہیں، پروگرام کے تحت 4 ہزار 200 سے زائد مکان تیزی سے تکمیل کی طرف گامزن ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ صوبائی حکومت نے اجلاس میں اپنی چھت اپنا گھر پروگرام سے متعلق اہم فیصلے کیے، اس دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کیلئے 62 ارب روپے کی منظوری دی، اس موقع پر مریم نواز شریف نے مئی تک 40 ہزار افراد کو قرض دینے کا ہدف مقرر کیا، اجلاس میں سکیم سے فائدہ اٹھانے والوں کے لیے قرض دینے کا عمل جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی گئی، وزیراعلیٰ پنجاب نے قرض 15 سے 20 لاکھ کرنے کی تجویز کا جائزہ لینے کا بھی حکم دیا۔
صوبائی وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ پنجاب بلال یاسین نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صوبے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے دن رات کوشاں ہیں، صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈپٹی کمشنر سے لے کر نیچے تک تمام افسران کی افرادی اور محکمانہ کارکردگی کو جانچنے کیلئے کلیدی کارکردگی کے اشارئیے دیئے گئے ہیں جس کے تحت افسران کی روزانہ کی بنیاد پر پرفارمنس کی سکورنگ کی جاتی ہے، اس خودکار نظام کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے مانیٹر کیا جا رہا ہے تاہم اب ہر ڈویژن میں ایک صوبائی وزیر کو ڈیوٹی سونپی گئی ہے جس کا مقصد گورننس ماڈل کو بہتر بنانا اور اس کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانا ہے۔
Comments