
راولپنڈی(نیوزڈیسک) انسداد دہشتگردی کی عدالت نے وارنٹ گرفتاری کے باوجود عدم پیشی پر علیمہ خان کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک اور بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کا حکم دیدیا۔ راولپنڈی کی اے ٹی سی عدالت میں 26 نومبر کے احتجاج پر علیمہ خان کے خلاف تھانہ صادق آباد میں درج مقدمے کی سماعت ہوئی۔ علیمہ خان عدالت سے جاری وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کے باوجود پیش نہ ہوئیں۔
عدالت نے علیمہ خان کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم دیا گیا۔ گورنر اسٹیٹ بینک کو بھی ہدایت کی کہ علیمہ خان کے تمام بینک اکاؤنٹس منجمد کیے جائیں۔ عدالت نے علیمہ خان کے ضامن کی پراپرٹی بحقِ سرکار قرق کرنے کا حکم دے دیا۔ جج امجد علی شاہ نے ریمارکس دیے کہ ملزمہ ہر جگہ موجود ہوتی ہیں مگر عدالت میں پیش نہیں ہوتیں۔
ان کی حاضری ہر صورت یقینی بنائی جائے۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت پیر 27اکتوبر تک ملتوی کر دی۔ گزشتہ روز پنجاب پولیس کی جانب سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ، علیمہ خان کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کروادی گئی تھی۔ پنجاب پولیس علیمہ خان کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کروانے اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچی، ایس ڈی پی او اظہر شاہ نے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کروائی۔علیمہ خان کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے، ایس ڈی پی او علیمہ خان کے ہمراہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے سامنے پیش ہوئے اور کورٹ کو وارنٹ گرفتاری کی تعمیل سے آگاہ کیا۔
وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کا مقصد علیمہ خان کی اسلام آباد کورٹ کے سامنے حاضری ہے، اس دوران علیمہ خان سے دستخط بھی لیے گئے، آئندہ سماعت پر علیمہ خان عدالت میں خود پیش ہوں گی یا اِنہیں گرفتار کر کے پیش کیا جائے گا۔
Comments