
اسلام آباد (نیوزڈیسک) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پولیس کے افسر کی موت کے حوالے سے نئی پیشرفت ہوئی ہے اور مبینہ خودکشی سے پہلے ایس پی عدیل اکبر کی جانب سے چھٹی کی درخواست کا انکشاف سامنے آگیا۔ اطلاعات کے مطابق اسلام آباد میں مبینہ خودکشی کرنے والے ایس پی انڈسٹریل ایریا عدیل اکبر نے میڈیکل رپورٹ کی بنیاد پر چھٹی کی درخواست دی تھی اور انہوں نے اپنی درخواست میں بتایا تھا کہ ان کا ڈینگی ٹیسٹ مثبت آیا، جس کی بنیاد پر انہوں نے حکام بالا کو تین دن رخصت کی درخواست بھجوائی مگرچھٹی نہ ملی۔
بتایا گیا ہے کہ ایس پی عدیل اکبرنے درخواست کی تھی کہ 20 سے 22 اکتوبر تک طبی بنیاد پر چھٹی دی جائے، ڈاکٹرز نے میڈیکل رپورٹ میں بھی ایس پی عدیل اکبر کو مکمل آرام کامشورہ دیا تھا، ایس پی انڈسٹریل ایریا نے رخصت کی درخواست ڈی آئی جی اسلام آباد کو بھیجی، اس کے علاوہ طبی رخصت سے متعلق اے آئی جی اسٹیبلشمنٹ اسلام آباد کو بھی اطلاع دی گئی تھی۔
دوسری طرف ایس پی انڈسٹریل ایریا عدیل اکبر کی مبینہ خود کشی سے متعلق ایف آئی آر تاحال درج نہ ہوسکی جب کہ تحقیقاتی ٹیم نے عدیل اکبرکی سٹاف ٹیم کے آپریٹر اور ڈرائیور کے بیانات ریکارڈ کرلیے ہیں، واقعے کی تحقیقات کیلئے ڈی جی سیف سٹی کی سربراہی میں قائم تین رکنی ٹیم نے ایس پی عدیل اکبرکے سٹاف سے تحقیقات شروع کردی ہیں اور ایس پی کے آپریٹر اور ڈرائیورسے واقعے کے حوالے سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے، دونوں اہلکاروں کو الگ الگ کمروں میں رکھ کر بیانات ریکارڈ کیے گئے، زیرحراست آپریٹر اور ڈرائیور کو حتمی بیانات ہونے تک آپس میں ملنے نہیں دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ دو روز قبل ایس پی آئی 9 عدیل اکبر نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ایک نجی ہوٹل کے قریب اپنے سٹاف سے پسٹل لے کر گولی چلائی، ایس پی عدیل اکبر نے خود کو سینے پر گولی ماری، جس کے فوری بعد ہی ایس پی کو زخمی حالت میں پولی کلینک منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کرگئے۔
Comments