
اسلام آباد (نیوزڈیسک) قومی فضائی کمپنی پی آئی اے نے برطانیہ کیلئے فلائٹ آپریشن 5 سال بعد دوبارہ بحال کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کا برطانیہ کے لئے برطانیہ آپریشن پھر سے بحال ہو چکا ہے، اس حوالے سے باقاعدہ افتتاحی تقریب منعقد کی گئی جس میں برطانوی ہائی کمشنر اورسیکرٹری دفاع نے بھی شرکت کی، تقریب میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے پی آئی اے کے برطانیہ کے لئے فلائٹ آپریشن بحالی کا افتتاح کیا۔
پاکستان برطانیہ فلائٹ آپریشن بحال ہونے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ پی آئی اے کا آج سے پاکستان سے برطانیہ کے لئے براہ راست پروازوں کا فلائٹ آپریشن بحال ہو گیا ہے، پی آئی اے پر پابندی سے حکومت کو مالی نقصان ہوا، ہم نے پی آئی اے کے معیار کو دوبارہ بحال کیا تاہم پی آئی اے فلائٹ آپریشن بحالی میں برطانوی ہائی کمشنر کا کلیدی کردار رہاجس کے نتیجے میں پی آئی اے کے روٹس دوبارہ بحال ہوئے ہیں۔
اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ بوئنگ 777 جہاز ساڑھے تین سو مسافروں کو لے کر برطانیہ روانہ ہوگا، فلائٹ آپریشن کے آغاز کے ساتھ ہی مسافروں کی جانب سے قومی ایئر لائن پر بھرپور اعتماد کا اظہار دیکھنے میں آیا اور اگلے تین ماہ کی ایڈوانس بکنگ کرلی گئی، ساڑھے 12 ہزار مسافروں نے ایڈوانس بکنگ کروائی ہے جس کے پیش نظر مستقبل میں فلائٹ آپریشن کو مزید وسعت دی جائے گی، پہلے مرحلے میں اسلام آباد سے مانچسٹر کے لیے دو پروازیں ہفتہ وار چلائی جائیں گی، دوسرے مرحلے میں لاہور اور کراچی سے بھی پروازوں کا آغاز کیا جائے گا۔
انہوں نے آگاہ کیا کہ اسلام آباد ایئر پورٹ کے بعد دوران پرواز اور مانچسٹر ایئرپورٹ پر بھی کیک کاٹنے کی تقاریب ہوں گی، افتتاحی تقریب میں قرعہ اندازی کے ذریعے مسافروں کوانعامات دینے کا فیصلہ کیا گیا، مسافروں کے لیے قرعہ اندازی میں موبائل اور لکی ڈرا میں 1300 سی سی گاڑی شامل ہیں، افتتاحی پرواز کی مناسبت سے پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے مسافروں کی پر تکلف میزبانی کا فیصلہ کرتے ہوئے خصوصی مینیو بھی رکھا گیا۔
Comments