
اسلام آباد (نیوزڈیسک) دفتر خارجہ نےامریکہ میں اسلحہ رکھنے پر گرفتار ٹرک ڈرائیور سے متعلق وضاحت جاری کردی۔ ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی کے مطابق امریکہ میں پکڑا گیا لقمان خان پاکستانی نہیں بلکہ افغان شہری ہے، حکومتی سطح پر کی گئی انکوائری کے نتائج میں واضح ہوا کہ لقمان خان افغان شہری ہے، وہ پاکستانی نہیں، ملزم بطور مہاجر کچھ عرصہ پاکستان میں مقیم رہا لیکن اس نے اپنی زندگی کا زیادہ حصہ امریکہ میں گزارا ، بعض میڈیا رپورٹس میں اسے پاکستانی شہری قرار دینا حقائق کے منافی ہے لہٰذا اس حوالے سے درست معلومات سامنے رکھنا ضروری ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ امریکی پولیس نے کینبی پارک ویسٹ میں ایک ٹرک کو روکا جس میں لقمان خان نامی شخص موجود تھا، جس نے گاڑی سے باہر نکلنے کے احکامات نہ مانے اور مزاحمت کرنے پر اسے گرفتار کیا گیا، تفتیش کے دوران لقمان خان کے ٹرک سے پستول، میگزین اور مبینہ حملے کی منصوبہ بندی کی دستاویز برآمد ہوئیں، ایف بی آئی نے گرفتار ی کے ایک روز بعد 25 نومبر کو لقمان خان کے گھر پر بھی چھاپہ مارا جہاں سے مزید جدید اسلحہ برآمد کیا گیا۔
اس سلسلے میں امریکی حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ لقمان خان پاکستانی نژاد امریکی شہری اور یونیورسٹی آف ڈیلاویئر کا طالب علم ہے اور ملزم نے اسی یونیورسٹی کے پولیس ڈپارٹمنٹ پر حملے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی جب کہ امریکی میڈیا نے بتایا کہ لقمان خان کے ٹرک سے برآمد ہونے والی دستاویز میں یونیورسٹی آف ڈیلاویئر کے پولیس سٹیشن کا خاکہ، داخلی اور خارجی دروازوں کے نشانات اور ایک پولیس افسر کا نام بھی درج تھا۔
Comments