Social

پاکستان کی ترقی کا سفر پروپیگنڈا، جعلی خبروں یا دہشتگردی سے روکا نہیں جا سکتا، فیلڈ مارشل کا کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ میں خطاب

کوئٹہ (نیوزڈیسک) چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ترقی کا سفر پروپیگنڈا، جعلی خبروں یا دہشتگردی سے روکا نہیں جا سکتا، پراکسیز اور پروپیگنڈے کے ذریعے پاکستان کی پیشرفت روکنے کی کوششیں ناکام ہوں گی۔ مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کے افسران، فیکلٹی ممبران اور صوبے میں تعینات جوانوں سے ملاقات کی، اپنے خطاب میں انہوں نے عسکری مہارت، ٹیکنالوجی کے استعمال اور دشمن کے پروپیگنڈے کو ناکام بنانے پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کے اعلیٰ تربیتی معیار کو سراہتے ہوئے کہا کہ بدلتی ہوئی جنگی صورتحال میں وہی افسران نمایاں مقام حاصل کرتے ہیں جو فکری استعداد اور پیشہ ورانہ مہارت سے لیس ہوں، جدید دور کی جنگیں تیزی سے بدل رہی ہیں، اس لیے ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور ملٹی ڈومین آپریشنز کو سمجھنا ناگزیر ہے، مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بری، بحری اور فضائی افواج کے باہمی تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے، افسران اپنی اور اپنے جوانوں کی پیشہ ورانہ تیاری کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھیں۔

سید عاصم منیر نے دشمن قوتوں کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے سفر کو پروپیگنڈے، جعلی خبروں یا بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ذریعے نہیں روکا جا سکتا، پاکستان کی پیشرفت کو پراکسیز اور منفی پروپیگنڈے کے ذریعے نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والی دشمن قوتیں ریاست کے استحکام اور عوام کے اتحاد کے باعث ناکام ہوں گی۔
بتایا گیا ہے کہ اس موقع پر انہوں نے بلوچستان کی سیکیورٹی صورتحال پر بھی گفتگو کی، فیلڈ مارشل نے حکومتِ بلوچستان کے سماجی و معاشی ترقی کے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ ریاست اور عوام کے درمیان تعلق کو مضبوط بنانا طویل المدتی استحکام کے لیے ناگزیر ہے، پائیدار امن صرف سکیورٹی اقدامات سے نہیں بلکہ بہتر طرزِ حکمرانی اور عوام دوست پالیسیوں سے ممکن ہے۔
فوج کے ترجمان ادارے نے بتایا کہ دورے کے آخر میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان میں تعینات فارمیشنز کے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی، فیلڈ مارشل نے ان کے بلند حوصلے، آپریشنل تیاری اور ریاست کی رٹ برقرار رکھنے کے لیے ان کے پیشہ ورانہ عزم کی تعریف کی، انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مسلح افواج عوام کی حمایت سے ہر قسم کی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کریں گی۔


اس خبر پر اپنی راۓ کا اظہار کریں

RATE HERE


آپ کا نام


آپکا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا

آپکا ای میل ایڈریس


آپنا تبصرا لکھیں
Submit

Comments

اشتہار



مزید پڑھیں
tml> Tamashai News Tv