
کراچی (نیوزڈیسک) کوکین ڈیلر انمول عرف پنکی کیس میں پولیس نے عدالتی کارروائی کی رپورٹنگ روکنے کے لیے جیل کمپلیکس کے دروازے میڈیا کے لیے بند کر دیئے، جس سے پولیس اور صحافیوں کے درمیان تناؤ پیدا ہوگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سٹی کورٹ اور جوڈیشل کمپلیکس کراچی میں کوکین کوئین کے نام سے مشہور ملزمہ انمول عرف پنکی کی پیشی کے موقع پر پولیس نے غیر معمولی اقدامات کرتے ہوئے میڈیا کا داخلہ بند کر دیا، پولیس اہلکاروں نے "اعلیٰ افسران کی ہدایات" کا حوالہ دیتے ہوئے صحافیوں کو عدالتی کارروائی کی کوریج سے روک دیا۔
بتایا گیا ہے کہ جب مختلف نیوز چینلز اور اخبارات کے نمائندے کیس کی کارروائی کور کرنے کے لیے جوڈیشل کمپلیکس پہنچے تو پولیس نے انہیں روک لیا، یہ مسلسل دوسرا دن ہے کہ صحافیوں کے ساتھ ایسا ناروا سلوک کیا گیا، گزشتہ روز بھی میڈیا نمائندوں کو زبردستی جوڈیشل کمپلیکس کی حدود سے باہر نکال دیا گیا تھا۔
بتایا جارہا ہے کہ سٹی کورٹ میں ملزمہ انمول عرف پنکی کی مختلف مقدمات میں پیشی سے متعلق سماعت ہوئی، تفتیشی افسران نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت میں ایک درخواست دائر کی، جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ ملزمہ انمول عرف پنکی کو ریمانڈ کے حصول کے لیے عدالت میں پیش کرنا ہے، تاہم سکیورٹی خدشات کے باعث ملزمہ کو سٹی کورٹ لانا انتہائی خطرناک ہو سکتا ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ پولیس نے استدعا کی کہ ملزمہ کو جیل کمپلیکس میں ہی پیش کرنے کی اجازت دی جائے، جس پر عدالت نے پولیس کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر ملزمہ انمول کو سٹی کورٹ لانے کے بجائے جوڈیشل کمپلیکس میں پیش کرنے کی اجازت دے دی، عدالت نے تفتیشی افسران کو ملزمہ کو متعلقہ جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے جوڈیشل کمپلیکس میں ہی پیش کرکے قانونی کارروائی اور ریمانڈ کا عمل مکمل کرنے کا حکم دیا۔
Comments