
لاہور (نیئوزڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ کی آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت آج (بروز جمعرات) تک ملتوی کر دی ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سردار سرفراز ڈوگر پر مشتمل دو رکنی بنچ نے رانا ثنا اللہ کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی ۔نیب کی جانب سے خصوصی پراسکیوٹر ایس ایم رسول چٹھہ پیش ہوئے اور موقف اپنایا کہ پراسکیوٹر فیصل رضا بخاری بیمار ہیں اور یہ کیس انہی کے علم میں ہے، سید فیصل بخاری رات فائلیں اپنے ساتھ لے کر گئے تھے مگر بیمار ہونے کے باعث نہیں آ سکے۔
آئندہ ہفتہ میں کوئی روز سماعت کے لیے رکھ لیں۔رانا ثنا اللہ کے وکیل نے کہا کہ یہ نیا ٹرینڈ چل پڑا ہے جس کے جواب میں نیب کے وکیل نے کہا کہ آج تک ایک بھی مہلت نہیں مانگی۔
فاضل عدالت نے کہا کہ سماعت جمعرات کو رکھ لیتے ہیں آپ فائل پڑھ کر آئیں۔ نیب کے وکیل نے دوبارہ استدعا کی کہ کیس کی سماعت ایک ہفتے تک ملتوی کر دیں۔ فاضل عدالت نے کہا کہ آپ کی استدعا مسترد نہیں کی اسی وجہ سے جمعرات تک کی مہلت دیدی ہے ۔
فاضل عدالت نے نیب کے وکیل کے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ غصہ کیوں کر رہے ہیں ۔ نیب کے وکیل نے کہا کہ جب کوئی ایسی باتیں کرتا ہے تو مناسب نہیں لگتا، نیب نے کبھی التوا ء نہیں مانگا ۔ فاضل عدالت نے کہا کہ ہم یہاں کسی کو نہیں نواز رہے آپ جمعرات کے روز تیاری کر کے پیش ہو جائیں۔آپ ڈپٹی پراسکیوٹر جنرل نیب کو کہیں کہ عدالت نے کیس کی سماعت جمعرات تک ملتوی کی ہے۔
Comments