
کراچی (نیئوزڈیسک) اپریل کے ماہ کے دوران کراچی میں قیامت خیز گرمی کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، قیام پاکستان کے بعد شہر قائد میں اپریل کے ماہ میں کبھی درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ کی حد کو نہیں چھوا۔ تفصیلات کے مطابق شہر قائد کراچی میں اپریل کے آغاز میں ہی سورج آگ برسانے لگا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ہفتہ کا دن کراچی میں ناصرف رواں سال کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا، بلکہ اپریل کے ماہ میں گرم ترین دن کا 74 سالہ ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا۔
سندھ کے صوبائی دارلحکومت کراچی گزشتہ چند روز سے ہیٹ ویوو کی زد میں ہے، جبکہ ہفتے کو بھی گرمی کی شدید لہر نے کراچی کو اپنی لپیٹ میں لیے رکھا، شہر میں سمندری ہوائیں بند ہو گئیں اور درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔
بتایا گیا ہے کہ اپریل 1947 کے بعد پہلی مرتبہ کراچی میں اپریل کے ماہ میں درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ کی حد کو چھو گیا۔
اس قیامت خیز گرمی کے بعد ماہرین موسمیات نے کراچی میں ہیٹ ویوو مزید دو دن جاری رہنے کی پیشن گوئی کی ہے۔ جبکہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ رات کے وقت سمندری ہوائیں بحال ہونے کے بعد درجہ حرارت میں کمی واقع ہوسکتی ہے۔ ۔یہاں واضح رہے کہ چند روز قبل ہی محکمہ موسمیات نے سندھ میں ہیٹ ویو اور ملک کے دیگر علاقوں میں گرمی کی پہلی لہر کی پیشن گوئی کی تھی۔
سندھ میں ہیٹ ویو کے خدشے کے پیش نظر ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے صوبے کے ڈپٹی کمشنرز اور چیئرمین ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ کو الرٹ کر دیا تھا۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ سندھ اور بلوچستان کے بعض اضلاع میں خشک سالی کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ سال اکتوبر 2020 تا مارچ 2021 کے دوران ملک میں معمول سے 33.2 فیصد کم بارشیں ہوئی ہیں اور موسم سرما کے دوران کم بارشوں کے سبب جنوبی بلوچستان و سندھ کے بعض اضلاع میں خشک سالی کی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
Comments