
اسلام آباد ( نیوزڈیسک ) :متحدہ عرب امارات نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کی کوششوں کی تصدیق کردی۔اماراتی سفیر کا کہنا ہے کہ عرب امارات نے پاکستان اور بھارت کے مابین کشمیر کے تنازعے پر کشیدگی کم کرانے اور سیز فائر کرانے میں کردار ادا کیا۔اماراتی سفیر یوسف العتیبہ نے بتایا کہ ان کوششوں کے نتیجے میں دونوں ممالک کے تعلقات بحال ہوجائیں گے۔
برطانوی خبر ایجنسی نے دعوی کیا ہے کہ کشیدگی میں کمی سے متعلق دبئی میں دونوں ملکوں کی خفیہ مذاکرات بھی ہوئے۔اماراتی سفیر کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو فنکشنل آپریشنل اور آپس میں بات چیت کرنے والے سطح تک لانا چاہتے ہیں۔پاکستان اور بھارت کے درمیان جنوری میں دبئی میں خفیہ مذاکرات ہوئے تھے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان بات چیت کے لئے متحدہ عرب امارات نے سہولت کار کا کردار ادا کیا۔
دونوں ممالک کے درمیان دبئی میں ہونے والی بات چیت کا مقصد آئندہ مہینوں میں تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے ایک روڈ میپ تیار کرنا ہے۔خیال رہے کہ متحد ہ عرب امارات نے پاکستان اور بھارت کے درمیان مصالحت کی پیش کش کی تھی۔ہ 26 فروری کو اماراتی وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید کی اپنے بھارتی ہم منصب سبرامنیم جے شنکر سے ملاقات کی جس میں اماراتی وزیر خارجہ نے پیش کش کی کہ یو اے ای حکومت بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدہ تعلقات میں بہتری لانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔
تاکہ دونوں ایٹمی ممالک میں دیرپا امن قائم ہو سکے۔ اس منصوبے کے تحت سب سے پہلے سیز فائر کو یقینی بنانا ہو گا۔ اس کے بعد ہی آگے بڑھا جا سکے گا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی مسائل پر بھی بات چیت کی۔ امارات کی جانب سے مجوزہ امن سمجھوتے کے تحت پاکستان اور بھارت دونوں اپنے سفیر دوبارہ اسلام آباد اور دہلی میں تعینات کر دیں گے۔
Comments