
اسلام آباد(نیوزڈیسک) کورونا وبا کے مشکل دنوں میں پاکستان اپنے ہمسایہ ملک کے ساتھ کھڑا ہے، پاکستان نے بھارت کو کورونا سے نمٹنے کیلئے امداد کی پیشکش کر دی ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے بھارت میں کورونا کے بحران پر قابو پانے کے لیے امداد کی پیش کش کر د ی ہے ۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کیے گئے اپنے ایک ٹویٹ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کورونا وبا کی تشویشناک لہر میں بھارتی عوام کے ساتھ یکجہتی کا مظاہر ہ کرتے ہوئے پاکستان بھارت کو امداد کی پیش کش کر رہا ہے۔
انہوں نے اپنے ٹویٹ میں مزید کہا کہ ہم سب سے پہلے انسانیت کی پالیسی پر یقین رکھتے ہیں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ن اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان نے بھارت کو وینٹی لیٹرز، ڈیجیٹل ایکس رے مشین سمیت متعلقہ اشیا فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے کورونا کی لہر کے تناظر میں بھارت کے عوام سے اظہار یکجہتی کے طور پر پیشکش کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے متعلقہ حکام امدادی سامان کی فراہمی کیلئے طریقہ کار پر کام کرسکتے ہیں۔خیال رہے کہ بھارت میں عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال انتہائی سنگین ہو گئی ہے۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق گزشتہ روزصرف 24 گھنٹوں میں 23 اپریل کو کورونا وائرس کے 3 لاکھ 32 ہزار 730 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ 2263 مریض انتقال کر گئے ہیں۔
یہ اعداد و شمار دنیا میں یومیہ کیسز کی سب سے زیادہ تعداد بھی ہے۔ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارت میں ایک کروڑ 60 لاکھ سے زائد افراد اس وبا کا شکار ہوچکے ہیں جب کہ اموات کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 86 ہزار 920 ہوچکی ہے۔دہلی حکومت کے آن لائن ڈیٹا بیس کے مطابق دو تہائی سے زائد اسپتال مکمل طور پر بھر چکے ہیں جس کے بعد ڈاکٹروں نے بھی مریضوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کرنا شروع کردی ہے۔
Comments