
لاہور ( نیوزڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء جہانگیر ترین اور ان کے ہم خیال گروپ کے تحفظات کے معاملے پر گورنرپنجاب چوہدری سرور کو اہم ذمے داری ملنے کا امکان ظاہر کردیا گیا ۔ میڈیا ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے گورنرپنجاب چوہدری سرور کو بھی وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد بلالیا ، جہاں گورنرپنجاب وزیر اعظم عمران خان کی جہانگیر ترین کے ہم خیال گروپ سے ملاقات میں شریک ہوں گے ۔
بتایا گیا ہے کہ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور ترین گروپ کے لیے مفاہمت کار کا کردار ادا کریں گے ، کیوں کہ ہم خیال گروپ کے اراکین اسمبلی گورنر پنجاب سے پہلے ہی ملاقات کر چکے ہیں ، جس میں گورنرپنجاب راجہ ریاض اور ان کے ساتھیوں کے تحفظات دور کرانےکی یقین دہانی کراچکے ہیں ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءجہانگیرترین کے ہم خیال اراکین اسمبلی کا گروپ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرے گا ، جس میں جہانگیرترین خود شریک نہیں ہوں گے ، وزیر اعظم سے ملاقات میں جہانگیر ترین کے ہم خیال گروپ کے 30 سے زائدارکان پارلیمنٹ شامل ہوں گے ، جہانگیر ترین نے وزیراعظم سے ملاقات کرنے کے لیے ہم خیال ارکان کے نام فائنل کرلیے ہیں ، ان میں 11 قومی اسمبلی اور 22 ارکان پنجاب اسمبلی شامل ہیں ، یہ تمام اراکین وزیراعظم کو جہانگیرترین کے خلاف کیسز سے متعلق تحفظات سے آگاہ کریں گے۔
خیال رہے کہ اس سے پہلے بھی گورنر پنجاب چوہدری سرور پاکستان تحریک انصاف کے جہانگیر ترین گروپ کو تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرواچکے ہیں ، یہ یقین دہانی اس وقت کرائی گئی جب گورنرپنجاب سےجہانگیر ترین گروپ کے رہنماؤں نے ملاقات کی ، ملاقات کرنے والوں میں ایم این اے راجہ ریاض ، صوبائی وزیر اجمل چیمہ اور خیال احمد و دیگر شامل تھے ، اس موقع پر راجہ ریاض اور دیگر نے گورنر پنجاب کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ، جس کے پر چوہدری سرور نے انہیں یقین دہانی کروائی کہ آپ کے تحفظات کو دور کیا جائے گا جب کہ وزیراعظم عمران خان سے آپ کی ملاقات کیلئے بھی کردار ادا کروں گا۔
Comments