
لاہور(نیوزڈیسک) لاہور ہائی کورٹ نے جاوید لطیف کی گرفتاری کے خلاف درخواست پر آئی جی پولیس کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں‘لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس انوار الحق پنوں نے جاوید لطیف کے بھائی منور لطیف کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے آئی جی پنجاب سے کل جواب طلب کر لیا. درخواست میں نون لیگی رہنما جاوید لطیف کی گرفتاری کو چیلنج کیا گیا ہے درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا ہے کہ جاوید لطیف کی گرفتاری سے پہلے اسپیکر قومی اسمبلی سے منظوری نہیں لی گئی.
درخواست گزار کے وکیل کا یہ بھی کہنا ہے کہ قانونی تقاضے پورے کیئے بغیر گرفتاری کا کوئی جواز نہیں، سی آئی اے پولیس نے جاوید لطیف کو غیر قانونی حراست میں رکھا ہوا ہے‘ادھر اشتعال انگیز تقریر کیس میں گزشتہ روز گرفتار کیئے گئے مسلم لیگ نون کے رہنما جاوید لطیف کوآج ماڈل ٹاﺅن کچہری میں پیش کیا جائے گا. ماڈل ٹاﺅن کچہری کے سینئر جوڈیشل مجسٹریٹ صابر حسین ڈاہر کیس کی سماعت کریں گے گزشتہ روز سیشن عدالت نے ملزم جاوید لطیف کی عبوری ضمانت خارج کی تھی جس کے بعد انہیں گرفتار کر لیا گیا تھا جاوید لطیف کے خلاف تھانہ ٹاﺅن شپ میں ریاست سے بغاوت اور غداری کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے.
Comments