
لاہور(نیوزٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے غزہ پر اسرائیلی وحشیانہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری، اوآئی سی، عرب لیگ سے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل کو ظلم وبربریت اور فلسطینیوں کی نسل کشی سے روکنے کے لئے فوری کردار ادا کریں،اسلامی ممالک کا سربراہی ہنگامی اجلاس بلایا جائے اور اس قتل عام کوفی الفور رکوایا جائے کیونکہ اس قتل عام پر پوری امت مسلمہ میں شدید غم وغصہ اور بے چینی پائی جاتی ہے۔
غزہ پر اسرائیلی بمباری اور حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نے خواتین اور بچوں سمیت بے گناہ فلسطینیوں کی بڑے پیمانے پر شہادتوں پر اظہار رنج وغم کرتے ہوئے کہاکہ اسرائیل پورے فلسطین کو قبرستان بنانے پر تلا ہوا ہے۔
اسرائیلی ظلم نہ روکا گیا تو پورا خطہ اور دنیا تباہی وبربادی کے جہنم میں جاگرے گی۔ شہبازشریف نے کہاکہ بے گناہ خواتین اور شہید بچے پوری انسانیت سے انصاف کا سوال کررہے ہیں۔
یورپی یونین سمیت تمام مہذب دنیا کے بیان کافی نہیں، بے گناہوں کو بچانے کے لئے عملی قدم اٹھانا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ اسرائیل کی انسانیت سوز کارروائی نے مسلمانوں کی عیدالفطر کو غم میں بدل دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کرتے ہیں۔ دریں اثناء اپنے ٹویٹ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت کا وطیرہ ہے کہ ایک دن کچھ کہتی ہے اور اگلے دن اس فیصلے کو واپس لیتے ہوئے کرتی کچھ اور ہے۔انہوں نے کہاکہ لاپرواہی اور لاتعلقی کے اس رویے کی جھلک خارجہ تعلقات سمیت گورننس کے تمام پہلوؤں میں عیاں ہے۔ اس نہ ختم ہونے والی غیر یقینی پالیسی سے پاکستان کو بے انتہاء نقصان ہوا ہے۔
Comments