
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) : سینئیر اینکر پرسن اور کالم نگار حامد میر کو غیر معینہ مدت کی چُھٹی پر بھیج دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق انڈیپنڈنٹ اُردو نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ جیو انتظامیہ نے رابطہ کرنے پر اس بات کی تصدیق کر دی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ سکیورٹی اداروں پر تنقید کے بعد جیو نیوز نے اپنے پروگرام ’'کیپیٹل ٹاک' کے میزبان حامد میر پر پابندی عائد کردی ہے۔
جیو ٹی وی کی انتظامیہ نے انڈپینڈنٹ اردو کو تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اینکرپرسن حامد میر جیو ٹی کے معروف پروگرام 'کیپیٹل ٹاک' کی میزبانی آج نہیں کریں گے۔حامد میر کو غیر معینہ مدت کے لیے چُھٹی پر بھیج دیا گیا ہے۔ حامد میر نے انڈیپینڈنٹ اردو کو پروگرام آف ایئر کی بھی تصدیق کی ہے۔
جس کے بعد مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر بھی حامد میر نے اپنے پیغام میں کہا کہ میرے لیے یہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔
ماضی میں بھی مجھ پر دو مرتبہ پابندی عائد کی گئی۔ مجھ پر قاتلانہ حملہ بھی کیا گیا لیکن میں بچ گیا۔ اس سب کے باوجود بھی آئین میں دئے گئے حقوق کے لیے میں نے آواز اُٹھانا نہیں چھوڑا۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ میں نتائج بھگتنے کے لیے تیار ہوں ، چونکہ میرے خاندان کو دھمکایا جا رہا ہے لہٰذا میں اب کسی بھی حد تک جاؤں گا۔ خیال رہے کہ کچھ صحافیوں نے ٹویٹر پر حامد میر پر پابندی سے متعلق بات کرتے ہوئے بتایا کہ حامد میر پر پروگرام کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، جس کے بعد اب حامد میر کے پروگرام کی میزبانی محمد جنید کریں گے۔
جبکہ صحافی مبشر لقمان نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ جیو نیوز کی انتظامیہ اور حامد میر کے مابین کچھ اختلافات ہیں۔ تاہم ان اختلافات کی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔ تاہم ایسا لگتا ہے کہ چینل اور اینکر کے مابین ایک طویل مدتی تعلق اب ختم ہو جائے گا۔
Comments