
لاہور (نیوز ڈیسک) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہاہے کہ حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور انہیں پولیسنگ سے متعلقہ سہولیات کی باآسانی فراہمی پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے اسی لئے مالی سال 2021-22 کے تمام ترقیاتی فنڈز کو تھانہ ورکنگ میں بہتری، تعمیر و ترقی کے پراجیکٹس او ر جدید سہولیات کی فراہمی پر صرف کیا جائے تاکہ شہریوں کے مسائل کے ازالے کا عمل فاسٹ ٹریک ہونے سے عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد سازی کی فضا بہتر سے بہتر ہو۔
انہوں نے مزیدکہاکہ محکمہ پولیس میں پولیس اسٹیشن کوبنیادی اکائی کی حیثیت حاصل ہے اور اس بنیادی اکائی کی ورکنگ اور وقار کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔
انہوں نے مزیدکہاکہ تھانوں میں وسائل اور سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ پولیس رویوں میں شائستگی بھی وقت کی اہم ضرورت ہے چنانچہ پولیس افسران و اہلکار دوران ڈیوٹی شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور مددگار فورس کا رویہ اپنائیں جبکہ صوبہ کے کسی بھی تھانے ، پولیس دفتر یا فیلڈ میں شہریوں سے ناروا سلوک کا واقعہ سامنے آیا تو ذمہ داران کو فیلڈ میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہوگا۔
انہوں نے مزیدکہاکہ میرٹ اور سنیارٹی کے مطابق افسران واہلکاروں کی محکمانہ پروموشن ہر افسر و اہلکار کا بنیادی حق ہے لہٰذاتمام اضلاع میں محکمانہ پروموشن بورڈ ز کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کیے جائیںجن میں ترقی کے اہل افسران واہلکاروں کو فی الفور محکمانہ ترقیاں دی جائیں جبکہ ماتحت سٹاف کی اے سی آر تاخیر سے لکھنے والے افسران کو اظہار ناپسندیدگی کے لیٹرز بھجوائے جائیں۔
انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ محکمہ پولیس کی جانب سے دیگر سرکاری محکموں کو بھجوائی گئی تمام سمریز پر ہونے والی پیش رفت کا از سرجائزہ لیں اور عائد شدہ اعتراضات کو جلد از جلد دور کرکے واپس بھجوایا جائے اور جہاں ضرورت ہو متعلقہ افسران سے خود بات کرکے ان سمریز کی بلا تاخیر منظوری کو یقینی بنائیں۔ یہ ہدایات انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کی صدارت کے دوران افسران کو ہدایات دیتے ہوئے جاری کیں ۔
دوران اجلاس پولیس افسران واہلکاروں کی بروقت ترقیوں اور مالی سال 2021-22کو ’’تھانوں کا سال‘‘ منانے سمیت دیگر پیشہ ورانہ امور بارے تفصیلی غور کیا گیا۔آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ آئندہ مالی سال میںپولیس کے تمام ڈویلپمنٹ فنڈز کا رخ تھانوں کی تعمیر و ترقی کیلئے جاری منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل کی جانب رکھا جائے جبکہ تھانوں کی سپیشل انیشئیٹو پولیس اسٹیشنز میں اپ گریڈیشن کے عمل کو افسران ذاتی نگرانی میں جلد از جلد مکمل کروائیں۔
انہوں نے مزیدکہاکہ شہریوں کے فیڈ بیک کی روشنی میں سروس ڈلیوری کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے جاری کاوشوں کو مزید تیز کیا جائے تاکہ شہری بھی جدید پولیسنگ کی سہولیات سے مستفیدہوسکیں ۔ انہوںنے مزیدکہاکہ ماتحت سٹاف کی میرٹ کے مطابق بروقت پروموشن سینئر افسران کی ذمہ داری ہے لہٰذا تمام اضلاع میں میرٹ، سنیارٹی اور اچھے پیشہ ورانہ ریکارڈ کے حامل افسران و اہلکاروں کی ترقیوں کا عمل بلا تعطل جاری رکھا جائے تاکہ فرنٹ لائن پر ڈیوٹی سر انجام دینے والی فورس کا مورال مزید بلند ہو اور وہ زیادہ بہتر انداز میں اپنے پیشہ ورانہ فرائض ادا کرکے عوام کی خدمت اور حفاظت کا فریضہ سر انجام دیتی رہے۔
اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ علی عامر ملک ، ایڈیشنل آئی جی سیف سٹی رائو سردار ، ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ کنور شاہ رخ ، ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی محمد اکرم نعیم بھروکہ ،ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس محمد فاروق مظہر،ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم احمد خان ،ایڈیشنل آئی جی آپریشنز صاحبزادہ شہزاد سلطان،ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن فیاض احمد دیو، ،ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ زعیم اقبال شیخ ،ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز شہزادہ سلطان سمیت دیگر برانچز کے ایڈیشنل آئی جیز،ڈی آئی جیز اور اے آئی جیز سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔
Comments