
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ ریلوے حادثے کے مسافروں کا خون سابق حکومتوں کے سر پر ہے ، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی حکومتوں کی وجہ سے ریلوے حادثات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، لاہور میٹروٹرین کا پیساریلوے پر خرچ ہوتاتو آج ہمیں حادثات کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔انہوں نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے حادثہ بہت بڑا حادثہ ہے، وفاقی وزیرجائے حادثے پر موجود ہیں، انہو ں نے کہا کہ 1388مسافردونوں ٹرینوں میں سوار تھے، حادثے کے وقت دونوں ٹرینیں ایک دوسرے کو کراس کررہی تھیں ،ملت ایکسپریس کی 18بوگیاں دوسری طرف چلی گئی، جس سے سرسید ایکسپریس ٹکرا گئیں، انہوں نے کہا کہ ہم پر بدترین حکمران مسلط رہے جن کو عوام کی کوئی فکر نہیں تھی، پہلی بات یہ ہے کہ سالہ سال کی غفلت سے حادثات ہورہے ہیں، ہمیں یاد ہے جب پاکستان میں ریلوے بنا، تو یہ ریلوے دنیا کی بہترین ریلوے تھی، پھر نوازشریف آگئے، ن لیگ کی حکومت آئی تو منگلا کی طرف جانے والے ٹریک اتفاق والوں نے خرید لیے،جس طریقے سے ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے ریلوے کو چلایا ہمیں حادثات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،ان لوگوں نے کرپشن اور سینہ زوری کی بنیاد رکھی۔
اس کی وجہ سے ہم حادثات کا سامنا کر رہے ہیں ، کہا گیا ہم نے بجٹ کو دوتہائی کم کردیا، اس بجٹ کی کرپشن کی وجہ سے سعد رفیق نیب میں کیس ہے، ہم پر ایک بدترین دور نافذ رہا، ایسے حکمران مسلط رہے جن کو قوم کی پروا نہیں تھی، لاہور میٹروٹرین پر جو پیسا خرچ ہوا وہ ریلوے پر خرچ ہوتا آج ہمیں حادثات کا سامنا نہ کرنا پڑتا، چاہے پی ٹی وی، ریلوے، پی آئی اے، اسٹیل ملز ہو، ان اداروں کو اٹھنے نہیں دیا گیا۔
حادثات پر ایسے معصوم شکل بناتے ہیں کہ جیسے ان کا تعلق ہی نہیں ہے، آج ریلوے مسافروں کا خون سابق حکومتوں پر ہے ،جن لوگوں نے ریلوے کو تباہ کیا وہ ہمیں سبق دے رہے ہیں ریلوے کو کیسے ٹھیک کرنا ہے، 2008سے 2018تک سیاسی بھرتیاں کرکے اداروں کونچوڑا گیا،ہم اداروں کو اپ نے پاؤں پر کھڑا کررہے ہیں۔
Comments