
لاہور(نیوز ڈیسک) امریکی حکومت کو مسجد وزیر خان سے ملحقہ تین تاریخی مکانات کو بحال کرنے میں اعانت پر فخر ہے مکانات کی بحالی سے منسوب یادگاری تقریب سے خطاب میں امریکی قونصل جنرل لاہور کیتھرین راڈریگز نے کہا کہ پرانے اور تاریخی شہر لاہور میں مسجد وزیر خان جیسے مقامات اس شہر کی شاندار اور پرت دار تاریخ کے لئے دلیل کا درجہ رکھتے ہیں.
انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ یہ منصوبہ پاکستان کی ثقافت اور عوام کے لیے پائیدار امریکی عزت و تکریم کا مظہرہوگا وزیراوقاف اورمذہبی امور سید سعید الحسن، والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کامران لاشاری اور آغا خان کلچرل سروس پاکستان کے چیئرمین اکبرعلی پیسنانی بھی تقریب میں شریک ہوئے. امریکی مشن برائے پاکستان نے مسجد وزیر خان کے قریب موجود کئی مقامات کو بحال اور محفوظ کیا 2002 سے اب تک امریکی حکومت نے مسجد وزیر خان، مسجد کے چوک اور ملحقہ مکانات کے شاندار طرز تعمیر کی بحالی پر تقریبا 14 لاکھ ڈالر خرچ کیے ہیں.
بحالی کے ایسے منصوبے پاکستان کے ثقافتی ورثے کو محفوظ کرتے ہیں اور ملک کے مذہبی تنوع کے آئینہ دار ہیں حکومت پاکستان اور آغا خان کلچرل سروس پاکستان نے بھی اس منصوبے میں فراغ دلانہ حصہ لیا بحالی کے اس منصوبے کے ذریعے تاریخی مقامات کو محفوظ کیا گیا ہے اور مکانات کی نسبتا جدید صورت کو تاریخی علاقے سے ہم آہنگ کیا گیا ہے. آغا خان کلچرل سروس پاکستان نے مکانات کی بحالی کا یہ کام اگست 2019 اور اپریل 2021 کے درمیان سرانجام دیا یہ کام والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کی تکنیکی شراکت سے پایہ تکمیل کو پہنچا.
Comments