
لاہور(نیوز ڈیسک) ترجمان پنجاب حکومت نے کہا ہے کہ ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کی خبر میں رتی بھر صداقت نہیں، پی ایس او کے دوست ہیلی کاپٹر پر فیصل آباد یا کسی بھی دوسرے شہر نہیں گئے، ہیلی کاپٹر میں کہیں سفر نہیں کیا بلکہ صرف تصویریں بنائیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کے پی ایس او کے سرکاری ہیلی کاپٹر میں سفر کرنے کے معاملے پر پنجاب حکومت کی وضاحت آگئی ہے، ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے پی ایس او نے سرکاری ہیلی کاپٹر کسی سفر کے لئے استعمال نہیں کیا، ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کی خبر میں رتی بھر صداقت نہیں، پی ایس او کے دوست ہیلی کاپٹر پر فیصل آباد یا کسی بھی دوسرے شہر نہیں گئے۔
دوستوں نے صرف ہیلی کاپٹر میں تصویریں بنائی، کہیں ٹریول نہیں کیا۔
ترجمان حکومت پنجاب نے کہا کہ ہیلی کاپٹر کے استعمال کا اختیار صرف وزیراعلیٰ پنجاب کے پاس ہے۔ اس سے قبل خبر سامنے آئی تھی کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے پر سنل اسٹاف آفیسر حیدر علی کے دوستوں نے سرکاری ہیلی کاپٹر پر سیر و تفریح کی ، یہی نہیں حیدر علی کے دوست حکومتی ہیلی کاپٹر پر سیلفیاں لیتے رہے اور ٹک ٹاک بھی بنائی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا سرکاری ہیلی کاپٹر دوستوں کے سیر سپاٹے کے لیے استعمال ہونے اور حیدر علی کے دوستوں کی ویڈیوز سامنے آنے پر پنجاب حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے سرکاری ہیلی کاپٹر کو سیر سپاٹوں کے لیے استعمال کیا جانے لگا ہے جبکہ اس کا خرچ عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے ادا ہوتا ہے ۔
Comments