
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے واضح کیا ہے کہ کورونا رسک الائونس کااطلاق تمام فیڈرل کے ہسپتالوں میں ہوگا ، کووڈ۔19 کی لہر کا مقابلہ کرنے میں ہیلتھ کیئر ورکرز کا بہت بڑاہاتھ ہے ،تمام میڈیکل ورکرز ہمارے ہیرو ہیں ۔ وہ پولی کلینک ہسپتال میں موجود پیرامیڈیکل سٹاف کے احتجاجی دھرنے سے خطاب کررہے تھے ۔
انہوں نے کہاکہ تمام میڈیکل سٹاف کو کورونا رسک الائونس مل جانا چاہیے تھا ، اس کے ملنے میں دیر ہو گئی تاہم یہ میراوعدہ ہے کہ یہ آپ کو مل جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ کورونا رسک الائونس میں تاخیرہوئی اچھی بات نہیں ہے تاہم گزشتہ دنوں کا الائونس بھی آپ کو مل جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ اس ماہ کے آخر تک تمام مراحل مکمل کر لئے جائیں گے تاکہ آپ تمام لوگوں کو مزید تاخیر کا سامنا نہ کرناپڑے۔
انہوں نے کہاکہ ہمیں لگاتار فنڈز کی فراہمی ہوتی رہے گی جب تک یہ وبا موجود ہے یہ الائونس آپ کو ملتا رہے گا۔ انہوں نے پیرامیڈیکل سٹاف سے اپیل کی کہ وبا ابھی موجود ہے اس لئے آپ اپنی خدمات جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا رسک الائونس کااطلاق فیڈرل کے تمام ہسپتالوں میں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ آپ پر کوئی احسان نہیں ہے یہ آپ کاحق ہے۔ آپ کو سلام ہے کہاس مشکل حالات میں بھی آپ نے اپنی خدمات جاری رکھی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ وباابھی ختم نہیں ہوئی ۔ ماسک کااستعمال جاری رکھیں۔
Comments