
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عالمی وباء کورونا وائرس نے کئی مسائل کو جنم دیا ‘ اس وقت دنیا میں ماحولیاتی تبدیلی، غذائی قلت اورغربت بڑے چیلنجزہیں۔ تفصیلات کے مطابق چین میں منعقدہ فورم سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا کے باعث دنیا بھرمیں ترقی کی رفتار سست ہوگئی ، جس کی وجہ سے دنیا میں ماحولیاتی تبدیلی ، غذائی عدم تحفظ اورغربت بڑے مسائل ہیں ، غربت کے خاتمے کے لیے چین رول ماڈل ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کے لیےغذائی قلت بڑاچیلنج ہے ، ٹیکنالوجی کے ذریعے زمینوں کو بنجر ہونے سے بچایا جا سکتاہے ، ہم بھی صاف اور سرسبز پاکستان کی جانب بڑھ رہے ہیں جس کے تحت بلین ٹری منصوبے کےتحت ایک ارب درخت لگائے جب کہ ہمارے احساس پروگرام نے کورونا کے مسائل کو حل کر نے میں مدد کی۔
علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان سے وکلاء تنظیموں کے وفد نے ملاقات کی، وزیراعظم عمران خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وکلا تنظیموں کی جمہوریت کے فروغ اور استحکام کے لیے گراں قدر خدمات ہیں، وہی معاشرہ ترقی کرتا ہے جس میں قانون کی بالا دستی ہو، خوشحالی انصاف اور عدل کے نظام سے ہی ممکن ہو سکتی ہے، ماضی میں مفاد پرست عناصر نے قانون کا غلط استعمال کیا، ماضی میں امیر اور طاقتور طبقہ قانون کی گرفت سے آزاد رہا، کمزور طبقات کا قانون کے غلط استعمال کے ذریعے استحصال کیا جاتا رہا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سول اور فوجداری قوانین میں اصلاحات لا رہی ہے، عام آدمی کو ریلیف دینا چاہتے ہیں، قانونی اصلاحات سے عدالتوں پر مقدمات کا بوجھ کم ہو جائےگا ، وکلا تنظیمیں قانونی اصلاحات کے ایجنڈے میں حکومت کا ساتھ دیں، وکلا برادری کو درپیش مسائل سے آگاہ ہیں حل کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔
Comments