
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) : اسلام آباد کے نیو انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پاکستانی پاسپورٹس کی بیرون ملک اسمگلنگ ناکام بنا دی گئی۔
میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے براستہ دوحا جنوبی افریقا جانے والی نجی ائیرلائن کی پرواز کی بریفنگ جاری تھی کہ ایف آئی اے امیگریشن کے عملے نے سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے پاکستانی مسافر عثمان عارف کی پروفائلنگ کے دوران مشکوک حرکات پر سامان چیک کیا تو اس کے پاس سے مختلف افراد کے 28 پاکستانی پاسپورٹ برآمد ہوئے۔
ایف آئی اے حکام نے مسافر کو تحویل میں لے کر تمام پاسپورٹس سمیت مزید تحقیقات کے لیے ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سیل منتقل کردیا ہے۔ جبکہ امیگریشن حکام کا کہنا تھا کہ ملزم سے تحقیقات کے دوران مزید انکشافات کا بھی امکان ہے۔
Comments