
اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) : اپوزیشن نے چئیرمین نیب کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق حکومتی فیصلے کے خلاف جانے کا اشارہ دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چئیرمین نیب کی مدت میں توسیع سپریم کورٹ میں چیلنج ہوجائے گی ، اپوزیشن تیار بیٹھی ہے، کسی طریقے سے بھی چیئرمین نیب کی مدت میں توسیع پر سپریم کورٹ جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نیب والے ایسے ہی میرے خلاف میڈیا ٹرائل چلاتے رہتے ہیں، نیب نے جو جواب جمع کروایا اس کا جواب میں اب میڈیا کے ذریعے دوں گا۔ پیپلز پارٹی کے رہنما اور سینیٹر مانڈوی والا نے کہا کہ نیب میڈیا ٹرائل چاہتا ہے تو اب ہم بھی میڈیا کے ذریعے جواب دیں گے، نیب والے کسی منی چینجرکو پکڑ کر شوشا چھوڑ دیتے ہیں اور جب کچھ ثابت کر نہیں پا رہی تو میڈیا ٹرائل کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کو زبردستی بلا کر پلی بارگین کیا جاتا ہے، چئیرمین نیب بلیک میل ہوتے ہیں ان پر دباؤ ڈالا جاتا ہے۔ خیال رہے کہ حکومت نے موجودہ چئیرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کو توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق گذشتہ روز حکومتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں قانونی نکات کا مکمل طور پر جائزہ لیا گیا اور کئی تجاویز پیش کی گئیں۔
وزراء پر مشتمل حکومتی کمیٹی نے سفارشات کا مسودہ تیار کر لیا جب کہ مسودے میں نیب آرڈیننس میں ایک زائد ترامیم کی گئی ہیں۔ترامیم مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان، وزیر قانون فروغ نسیم اور شہزاد اکبر نے تیار ہیں۔ذرائع کے کہنا ہے کہ چئیرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق حتمی منظوری آج وزیراعظم سے لی جائے گی جس کے لیے اجلاس بھی طلب کر لیا گیا ہے۔
Comments