
چترال ( نیوز ڈیسک ) فلک بوس پہاڑوں،برف سے ڈھکی چوٹیوں، نخلستانوں، میدانی علاقوں،سطح مرتفع، آبشاروں، جھیلوں، لق و دق صحراؤں اور ایک لمبی خوبصورت سمندری ساحلی پٹی غرض کہ وہ کون سی نعمت ہے جو اس ملک میں نہیں پائی جاتی۔یہی چیزیں تو کسی بھی ملک میںسیاحوں کی دلچسپی کا سامان ہوتی ہیں۔اوپر سے ہم پاکستا نی ہر آنے والے کو کھلے دل سے خوش آمدید کہنے والے اور بہت مہمان نواز ہیں۔
پاکستان میں سیاحوں کی دلچسپی کے لیے ایسی جگہیں ہیں جہاں وہ ہشاش بشاش ہو سکیں۔ ہمارا پاکستان ایسے مقامات سے بھرا پڑا ہے۔آپ بلوچستان میں ایران کے ساتھ ملنے والی ساحلی پٹی سے شروع ہو جائیں اور کشمیر و شمالی علاقہ جات تک آئیں،ایک سے ایک خوبصورت اور ورطہء حیرت میں ڈالنے والی جگہ دیکھنے کو ملے گی۔
غیر ملکی سیاحوں نے کہا ہے کہ ’ہم یہاں بالکل محفوظ ہیں‘، نیوزی لینڈ، آسٹریا اور جرمنی سمیت متعدد ممالک سے غیرملکی سیاح پاکستان پہنچ گئے ہیں، غیرملکی سیاحوں نے پاکستان کو سیاحت کیلئے محفوظ ترین علاقہ قرار دے دیا- تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کی سیکیورٹی کو بنیاد بنا کر اچانک سیریز منسوخ کر کے وطن واپسی پر ہر شخص خدشات کا شکار تھا کہ شاید اب غیرملکی پاکستان آنے سے گریز کریں گے۔
بلیک کیپس کے بعد انگلش کرکٹ بورڈ نے بھی اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کیا تو اس کے بعد سب ہی ہیجاتی کیفیت سے دوچار تھے، جس کی ایک وجہ انٹرنیشنل ٹیموں اور دوسرا غیرملکی سیاحوں کی آمد نہ ہونا تھی۔ جہاں نیوزی لینڈ اور انگلش کرکٹ ٹیم نے سیکیورٹی وجوہات کو بنیاد بنایا وہیں دیگر عالمی کھلاڑیوں نے پاکستان کو محفوظ ترین ملک قرار دیا اور اس الزام کی خود ہی تردید کی۔
اب ایک بار پھر پاکستان پر چھائے سیاہ بادل چھٹنے لگے ہیں کیونکہ غیر ملکی سیاحوں نے وطن عزیز آنا شروع کردیا ہے۔ حال ہی میں جرمنی، آسٹریا، نیوزی لینڈ سے درجن بھر سیاح چترال پہنچے، جہاں اُن کا شہریوں نے پرتپاک استقبال کیا اور سرکاری کی طرف سے بھرپور خاطر تواضع کی گئی۔ سیاحوں سے سرکاری حکام نے ملاقاتیں کیں، جس میں انہوں نےخیبرپختون خواہ کو محفوظ ترین سیاحتی مقام قرار دیتے ہوئے حکومتی اقدامات کی تعریف کی۔
غیرملکی سیاحوں کا کہنا تھا کہ ’یہاں کسی قسم کا ڈر اور خوف نہیں اور ہم خود کو غیر محفوظ بھی محسوس نہیں کررہے، چترال پہنچ کر خوشی ہوئی یہاں شہریوں نے ہمارا پرتپاک استقبال کیا‘۔ وزیراعلیٰ خیبرپختون خواہ نے کہا کہ صوبائی حکومت ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کو ہر ممکن بہترین سہولیت فراہم کررہی ہے، پاکستان اور اس کے شمالی علاقہ جات قدرتی حسن ، ثقافتی ورثے سے مالامال ہیں۔ انہوں نے غیرملکی سیاحوں کو خیبرپختون خواہ پہنچنے پر خوش آمدید کہا اور روایتی انداز سے اُن کا استقبال بھی کیا۔
Comments