
کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی صدر جوبائیڈن ظالمانہ سزا ختم کر کے ڈاکٹر عافیہ کو رہا کریں اور پاکستان روانہ کریں۔ پاکستانی قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی بہ خیرو عافیت وطن واپسی تک جدو جہد جاری رہے گی۔ عافیہ کی رہائی اور باعزت وطن واپسی تک جیل میں ان کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔ فیملی سے ویڈیو کال کے ذریعہ رابطہ کرنے کی آزادی دی جائے۔
صدرجو بائیڈن اپنی صدارتی معافی کی طاقت کا استعمال کریں اور امریکہ کی دہشت گردی کے خلاف جنگ کا شکار عافیہ کے معاملے پر غورکریں۔ یہ مطالبات عافیہ موومنٹ پاکستان کے زیر اہتمام کراچی پریس کلب سے امریکن قونصلیٹ تک منعقدہ عافیہ امن مارچ کے اختتام پر امریکن قونصلیٹ کو پیش کردہ یادداشت میں کئے گئے ہیں۔
عافیہ امن مارچ کی قیادت(ر) جسٹس وجیہ الدین اور ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کی۔
یادداشت پر مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والی سیاسی، سماجی، سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے رہنماؤں اور عوام نے دستخط کئے ہیں۔ قبل ازیں امن مارچ کے شرکاء سے مختلف سیاسی و سماجی رہنماؤں نے خطاب کیا۔ یادداشت کے متن میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے اغواء سے لے کر امریکی عدالت سے چھیاسی سال کی سزا تک کی روداداور عافیہ رہائی کے لئے مطالبات تحریر ہیں۔
یادداشت میں کہا گیا ہے کہ عافیہ موومنٹ کی عافیہ رہائی کے لئے کی جانے والی کوششوں اور جدوجہد کی ایک طویل تاریخ ہے جو کہ عافیہ کی بہ خیرو عافیت گھر واپسی تک جاری رہے گی۔ عافیہ کا کیس امریکہ میں انصاف کے لیے ایک لٹمس ٹیسٹ بن چکا ہے۔ دنیا بھر کے قانونی اور انسانی حقوق کے ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ عافیہ کیس میں انصاف کے تقاضے پورے نہیں کئے گئے۔
شرکاء امریکی صدرجو بائیڈن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ڈاکٹر عافیہ کیس کو غیر جانبداری سے دیکھا جائے تاکہ دنیا کو یقین ہوسکے کہ امریکہ میں مسلم اور غیر مسلم سب کے لئے ایک ہی نظام انصاف ہے۔ عافیہ کے ساتھ عدالتوں نے ناانصافی کی تھی، اس لیے اس کی سزا کو ختم کر کے اسے رہا کیا جائے۔کیونکہ عافیہ پر جس جرم کے الزامات لگائے گئے ہیں وہ جرم تو ثابت بھی نہیں ہوسکاہے۔
یادداشت کے شرکاء کو یقین ہے کہ عافیہ کو رہا کرنے سے دنیا کو امریکی نظام انصاف سے متعلق ایک طاقتور پیغام جائے گا کہ جب بات ناانصافی کی ہو تو امریکہ اپنی بھی اصلاح کرتا ہے۔ یادداشت میں پیش کردہ مطالبات کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن عافیہ کو دی گئی سزا کو ختم کر کے اسے رہا کرکے اسے وطن واپس بھیجیں۔ عافیہ کی رہائی تک اسے اپنی فیملی سے ٹیلی فون اور ویڈیو کال کے ذریعہ رابطہ کرنے کی آزادی دی جائے۔
عافیہ کی رہائی اور واپسی تک جیل میں ان کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔ جذبہ خیر سگالی و پاک امریکا دوستی کی علامت کے طور پر، بطور انسانی عظمت، طاقت اور جرات کے مظاہرے کے لئے عافیہ کے معاملہ کو ایک بار پھر پوری ہمدردی اور غیر جانبداری کے ساتھ دیکھا جائے۔ دنیا بڑی شدت کے ساتھ اس معاملہ کے نتائج کی منتظر ہے۔یاد داشت کا اختتام ان الفاظ پر کیا گیا ہے کہ ہمیں امید ہے کہ اس معاملہ میں انصاف اور ہمدردی کا بول بالا ہو گا۔
یادداشت پر دستخط کرنے والی جماعتوں و رہنماؤں میںایم کیو ایم کنوینرڈاکٹر فاروق ستار اورندیم، پی ٹی آئی کراچی کے سیکریٹری جنرل اور رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر سعید آفریدی، پی ٹی آئی ڈسٹرکٹ کیماڑی کے ڈاکٹر رفیق خان، پی ٹی آئی انصاف ویلفیئر ونگ کے جمال خان، پاک سرزمین پارٹی کے رہنما شمشاد احمد صدیقی،جے یو آئی (ایف)کے اسلم غوری اورمولانا نورالحق، پاک مسلم الائنس (دیوان)کے چیئرمین بچو عبدالقادر دیوان،عام لوگ اتحاد کے چیئرمین رحمت اللہ خان،اہلسنت والجماعت کے رہنما مولانا عبدالرافع شاہ بخاری و سلیم کھتری،مسلم اسٹوڈینٹس آرگنائزیشن(ایم ایس او) کے سندھ کے ناظم ملک اشتیاق، انجمن محبان اہلسنت کے علامہ عارف کمالی(بنگالی)، انجمن طلبہ اسلام کے حسن الرحمٰن،HRCP کے چیئرمین جمشید حسین،ہیومن رائٹس انٹرنیشنل فورم آف پاکستان کے ڈاکٹر ہاشم سندھیان، ہیومن رائٹس ایکٹوسٹ انتخاب عالم سوری،جمعیت المدارس العربیہ سندھ کے مولانا محب اللہ (بنگالی)، مرکزی جمعیت اہلحدیث کے رہنما محمد اشرف قریشی، ایم کیو ایم (آفاق) کے عامر فاروقی، اسٹیٹ یوتھ پارلیمنٹ سندھ کے صدر سید کاشان اور کراچی کے صدر جہانزیب،آواز پاکستان پارٹی کے چیئرمین شیخ شکیل، محب قومی سماجی کونسل کے اسلم فاروقی، محبان کراچی کے حافظ ایم ارشد و ندیم انور، پاکستان فلاح پارٹی کے چیئرمین امانت علی زیب اور حافظ عابد، پاکستان پیٹرویاٹک یوتھ کے رہنما اکرام خان، پی ایم ایل (ن)یوتھ کراچی کے رہنما احسن زبیر اور علی حسین ،ہم ہیں شاہین فائونڈیشن کے چیئرمین سید عماد الدین، سوشل ایڈ کمیٹی(سعید) کے سعید عالم عارف، سوشل ایڈ کمیٹی (صارف) کے مولانا عبدالحافظ صارف، علماء کونسل کراچی کے مولانا ظفر احمد آزاد،اسلامی جمعیت طلباء کے رہنما عابش صدیقی،، جمعیت طلبہ عربیہ (جے آئی)کے طارق اسماعیل،سوشل اسٹوڈینٹس فورم کے چیئرمین نفیس اے خان،پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور، چیف آرگنائزر اقبال ہاشمی، وائس چیئرمین اعظم منہاس،وائس چیئرمین پولیتیکل افیئرز سہیل یعقوب، کراچی کے چیف آرگنائزر طارق چاندی والا، سینئر رہنما سردار ذوالفقارسمیت تمام ضلعی صدور اور ورکرز نے شرکت کی۔
Comments