
اسلام آباد (نییوزڈیسک) حکومت اور اداروں کے درمیان محاذ آرائی کی قیاس آرائیوں پر حکومتی ردِعمل آ گیا ۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ حکومت اور اداروں کے درمیان محاذ آرائی کی قیاس آرائیاں غلط ہیں ، سب ایک پیج پر ہیں۔نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے اپوزیشن کو مایوسی ہو گی۔
حکومت کے اتحادی بھی اس کے ساتھ رہیں گے۔شبلی فراز کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی جانب سے فوری انتخابات کا مطالبہ مضحکہ خیز ہے۔اپوزیشن سنجیدہ ہے تو انتخابی اصلاحات پر تجاویز پیش کرے۔ گذشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پانچ سال پورے کریں گے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو میڈیا دیکھ رہا ہے، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اپنے سیاسی فیصلوں میں خطے کی صورتحال کو مد نظر رکھے۔
شیخ رشید نے کہا کہ اگر پی ڈی ایم نے خطے کی صورتحال کو نظر انداز کیا تو نقصان ان ہی کا ہوگا۔ وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ مذہب کی بنیاد پر کسی کو نہیں چھیڑیں گے، پی ڈی ایم جو کرنے جار ہی ہے یہ نہ ہو اسکے گلے پڑجائے۔ جبکہ سول ملٹری تعلقات سے متعلق بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ سرکاری بیان دینے کی پوزیشن میں نہیں ہوں لیکن سب ٹھیک ہے۔
سول ملٹری تعلقات کے حوالہ سے کوئی مسئلہ نہیں، جب بھی ٹرانسفر ہوتی ہیں،وہ معمول کے مطابق ہوتی ہیں۔ پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ ڈالر ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف ایف آئی اے نے گھیرا تنگ کر دیا ہے، اور 5 کمپنیوں کے آڈٹ کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ ، 88 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے جب کہ 47 کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے، ڈالر اگر غیر قانونی طریقہ سے افغانستان بھیجا گیا تو اس پر کسٹمز کو تحقیقات کرنی چاہئے، کسٹم ڈیپارٹمنٹ وزارت داخلہ کے ماتحت نہیں، ہمارا کام صرف ہولڈنگ ہے تحقیقات کا ہے۔
Comments