
لاہور(نیوز ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے لاہور کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے اضافی پراپرٹی ٹیکس کی وصولی روکنے کے احکامات میں توسیع کرتے ہوئے وفاقی حکومت اور دیگر حکام کو جواب داخل کرانے کیلئے مہلت دے دی۔ عدالت کے روبرو کنٹومنٹ بورڈ کے مکین محمد رمضان سمیت 73 درخواست گزاروں نے اضافی پراپرٹی ٹیکس کی وصولی کو چیلنج کیا ہے۔
دوران سماعت سرکاری وکلا نے جواب داخل کرانے کیلئے وقت دینے کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔درخواست گزاروں کے مطابق کنٹونمنٹ بورڈ میں15 فیصد جبکہ باقی شہر میں 4 فیصد پراپرٹی ٹیکس وصول کیا جارہا ہے ۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ کنٹومنٹ بورڈ ٹیکس وصولی کے تناسب سے سہولیات نہیں دے رہا۔ استدعا ہے کہ اضافی پراپرٹی ٹیکس کی وصولی کو کالعدم قرار دیا جائے۔
Comments