
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے نیشنل رومنگ منصوبے پر کام کا آغاز کیا گیا ہے ۔ سماء نیوز کے مطابق پی ٹی اے کے نیشنل رومنگ منصوبے سے صارفین کو یہ فائدہ ہوگا کہ اگر کسی صارف کو ایک نیٹ ورک کے سگنل نہ مل رہے ہوں تو اس کی سم خود بخود دوسرے نیٹ ورک پر منتقل ہو جائے گی ، پہلے مرحلے میں نیشنل رومنگ کا آغاز صوبہ بلوچستان میں کیا جائے گا جس کے بعد دوسرے مرحلے میں موٹر ویز اور ہائی ویز پر نیشنل رومنگ کی سہولت متعارف کروائی جائے گی ۔
بتایا گیا ہے کہ موبائل فون آپریٹرز کی ٹیم ٹریفک ٹرینڈز اور سسٹم کا جائزہ لے گی ، اس کے لیے کوئی اضافی چارجز وصول نہیں کیے جائیں گے جب کہ بلنگ کا طریقہ کار موبائل فون کمپنیاں آپس میں طے کریں گی ، دور دراز علاقوں کے صارفین اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے ۔
معلوم ہوا ہے کہ صوبہ بلوچستان کی زیادہ تر آبادی دور دراز کے علاقوں میں رہائش پذیر ہے جہاں کی کوریج کے لیے موبائل کمپنیوں کو مشکلات تھیں جس کے بعد پی ٹی اے کی ہدایت پر موبائل فون آپریٹرز نے ایک جوائنٹ ٹیکنیکل ٹیم تشکیل دی جو ایک ماہ میں اپنی رپورٹ تیار کرے گی ۔
دوسری طرف پاکستان میں مقامی سطح پر موبائل سازی کی صنعت نے موبائل فون کی در آمدات کی شرح کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ، موبائل مینوفیکچرنگ پالیسی سمیت سازگار حکومتی پالیسیوں کی بدولت اور ڈیوائس آئیڈینٹی فکیشن رجسٹریشن اینڈ بلاکنگ سسٹم (ڈی آئی آر بی ایس) کے کامیاب نفاذ کے بعدپاکستان میں مقامی سطح پر موبائل بنانے کے لیے سازگار ماحول پیدا ہوا جس کے بعد جنوری تا جولائی 2021 کے دوران،پاکستان میں موبائل بنانے والے اداروں نے ایک کروڑ با ئیس لاکھ ستر ہزار (12.27ملین) موبائل فون تیار کئے جبکہ اسی عرصے میں درآمد شدہ موبائل فون کی تعداد بیاسی لاکھ نوے ہزار(8.29 ملین) ریکارڈ کی گئی۔
Comments