
لاہور(نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے حلقہ این ای133سے امیدوار جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے ہائیکورٹ کے دوسرے ڈویژن بنچ کی جانب سے بھی درخواست سننے سے انکار پر انتہائی مایوس ہوں،میں ایک سابق وفاقی وزیر ہوں اگرمیرے ساتھ یہ ہو رہا ہے تواندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ عام عوام کی دہلیز پر انصاف کس قدرتیزی سے پہنچ رہا ہوگا،پانچ سال کی بات نہ کی جائے سابقہ حکمرانوںکا گنددس سال میں ہی صاف ہوگا اورتحریک انصاف یہ گند صاف کئے بغیر نہیں جائے گی ۔
ہائیکورٹ میں سماعت کے بعد اپنے وکلاء کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ فاضل بنچ کے رکن جسٹس فیصل زمان خان نے سماعت سے معذرت کر لی ہے ،حقیقت یہ ہے کہ عدالت نے ہمیں انصاف فراہم کرنے سے معذرت کی ہے اور ہمیں انصاف کی فراہمی میں تاخیر کی جارہی ہے ۔
کبھی ڈویژن بنچ بننے میںتاخیر ہوتی ہے ،پھر تاریخ تاخیر سے دی جاتی ہے اور پھر سماعت سے انکارکر دیا جاتا ہے اور یہی پریکٹس کی جارہی ہے۔
اگرحقیقت پوچھی جائے تو میں اس پر انتہائی مایوس ہوں۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف لندن میںبیٹھ کر الطاف حسین کی طرح اورمریم بی بی رائے ونڈ میںبیٹھ کر صبح دوپہر شام بڑھکیںلگاتے ہیںکہ ہم بہت مقبول ہیں،اگر آپ کو اپنی مقبولیت کا اتناہی زعم ہے تو پھر آپ تکنیکی غلطی کے پیچھے کیوں چھپ رہے ہیں ،آپ اپنا اعتراض واپس لیں اور پانچ دسمبر کو مقابلہ کر لیں کون کتنامقبول ہے۔
یہ کہتے ہیںکہ عمران خان نے معیشت کا بیڑہ غرق کردیا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ گیارہ سال بعد ٹیکسٹائل سیکٹر گروتھ دکھارہا ہے،آٹو ،ہائوسنگ سیمنٹ سیکٹر ترقی کر رہا ہے ،اس سال معیشت 6فیصد کی رفتار سے گروتھ دکھائے گی ۔انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی پر مشتمل مافیاز سے استفادہ کرنے والے بیشک ہمیںووٹ نہ دیںلیکن پڑھا لکھا طبقہ ،نوجوان اورمحروم طبقات ہمیں ضرور ووٹ دیں گے ،یہ پہلی حکومت ہے جس نے وسائل کا رخ محروم طبقات کی جانب موڑا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم قومی اسمبلی سے اصلاحات سمیت دیگر مسودات قوانین بھی پاس کرانے جارہے ہیں،ایک کروڑاوور سیز پاکستانی جو ملک کیلئے قیمتی زر مبادلہ بھجواتے ہیں ہم انہیں ووٹ کا حق دیں گے
Comments