
شیخوپورہ (نیوز ڈیسک) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر اور سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ نیب کا ہتھیار اب پیپلز پارٹی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتا ،اگلے انتخابات میں پیپلز پارٹی وفاق کے ساتھ ساتھ پنجاب میں بھی عوامی راج قائم کرے گی اور پنجاب کی عوام کو شخصی اقتدار سے نجات نصیب ہوگی ،موجودہ حکومت کے دور میں ملکی معیشت کی تباہی اور مہنگائی میں اضافہ کے تمام سابقہ ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں اور عوام کی چیخیں سننے والا بھی کوئی نہ ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیخوپورہ میں پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف نکالی جانے والی احتجاجی ریلی سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے اب عوام کا خون چوسنے کا اور انتہائی ظالمانہ طریقہ اختیار کر لیا ہے 2 ماہ پرانے بجلی کے بلوں کو بڑھانہ شروع کر دیا ہے سوئی گیس کی ظالمانہ لوڈشیڈنگ نے لاکھوں گھرانوں کے چولہے ٹھنڈے کر دیئے ہیں اور سلیکٹیڈ وزیر اعظم بڑے تکبر سے کہہ رہا ہے کہ پاکستان میں مہنگائی خطہ میں سب سے کم ہے عوام کو ناگھبرانے کا درس دینے والے وزیر اعظم کی ٹیم نے کرپشن کا بازار گرم کر رکھا ہے اور حکومت اپنے تمام وعدے بھول چکی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے جیالے پارٹی کا سرمایہ ہیں کارکن فوری طو رپر اگلے انتخابات کی تیاریاں شروع کر دیں بلدیاتی انتخابات میں بھی ہر گلی میں جیئے بھٹو کا نعرہ گونجے گا اور دوبارہ شیخوپورہ پنجاب کا لاڑکانہ ثابت ہوگا ۔
Comments