
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) :سینئر صحافی عارف حمید بھٹی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان صرف شہباز شریف کو اپنے لیے خطرہ سمجھتے ہیں۔انہوں نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے مزید کہا کہ شہباز شریف کے خلاف کیس نیب دو تین سال سے چلا رہا ہے۔میں نے ایف آئی اے کے تحقیقاتی افسر سے پوچھا کہ اس کیس میں ایسے کون سے نئے ثبوت ہیں جو پہلے نیب کے پاس نہیں تھے۔
انہوں نے کہا یہ تو ہمارے پاس اسلام آباد سے اسی طرح لائے گئے تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان سمجھتے ہیں کہ نوازشریف میرے لیے خطرہ نہیں کیونکہ وہ عدالت سے سزا یافتہ ہیں،الیکشن ہی نہیں لڑ سکتے۔مریم نواز سے بھی خطرہ نہیں کیونکہ وہ سزا یافتہ ہیں۔وزیراعظم صرف شہباز شریف سے خطرہ محسوس کرتے ہیں۔
کیونکہ شہباز شریف کے رابطے بھی ہوئے ہیں،وہ چاہتے ہیں کہ کسی نہ کسی طریقے سے ایف آئی اے شہباز شریف کو گرفتار کر لے۔
اب یہ کیس بیکنگ کورٹ کے پاس جائے گا اگر شہباز شریف کو وہاں گرفتار کر لیا جاتا ہے تو پھر عمران خان پر طاری خوف کم ہو جائے گا کیونکہ وہ شہباز شریف کو اپنا متبادل سمجھتے ہیں اور جانتے ہیں کہ طاقتور حلقے نوازشریف اور مریم نواز کے اوپر تو کوئی سمجھوتہ نہیں کر رہے۔
۔دوسری جانب : اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور خاندان کے خلاف 16 ارب منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے نے شہبازشریف، حمزہ اور سلیمان شہباز کے 45 اکاؤنٹس کی تفصیلات جمع کروا دیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ بےنامی اکاؤنٹس سے خاندان کے اکاؤنٹس میں 16 ارب 34 کروڑ روپے جمع ہوئے۔حکام کے مطابق الزامات ثابت ہونے پر ملزمان کو 7 سال قید ، جرمانہ اور جائیداد ضبطی کی سزا ہو سکتی ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق شہباز شریف،حمزہ شہباز اور سلیمان شہباز کو متعدد مواقع فراہم کیے گئے لیکن تمام ملزمان الزامات سے متعلق تفتیشی ٹیم کو مطمئن نہ کر سکے۔دستاویزات کے مطابق شہباز شریف کے خاندان کے 45 اکاؤنٹس میں منی لانڈرنگ کی رقوم جمع ہوئیں۔
Comments